پی ایچ ایف انتخابات،قائمہ کمیٹی ارکان کی گرما گرمی
پی ایس بی کا انتخابات فیئر کروانے کا اعلان،پر تین رکنی سب کمیٹی تشکیل
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی براے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات، سکروٹنی اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے معاملے پر ارکان اسمبلی کے درمیان گرما گرمی ہوگئی اس دور ان پاکستان سپورٹس بورڈ نے انتخابات فیئر کروانے کا اعلان کر دیا جس کے بعد معاملے پر تین رکنی سب کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ شیخ آفتاب کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس کے دوران ارکان قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن اور شہلا رضا کے درمیان شدید گرما گرمی ہوئی۔
خواجہ اظہار الحسن نے الزام عائد کیا کہ ایک خاتون رکن قومی اسمبلی ایک کراچی کی نجی کمپنی کی نمائندگی کر رہی ہیں حالانکہ کسی ایم این اے کو نجی کمپنی کی حمایت یا نمائندگی کا حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جن افراد پر پابندی عائد کی گئی، وہ اسی کمپنی کے سٹیک ہولڈرز ہیں اور یہ معاملہ ایک ایسوسی ایشن اور نجی کمپنی کے درمیان تنازع ہے ۔ قائمہ کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی کنوینر مہرین بھٹو ہوں گی جبکہ انجم عقیل اور خواجہ اظہار الحسن اس کے ممبران ہوں گے ۔