ڈھاکا ٹیسٹ نجم الحسین کی سنچری بنگلادیش کی پوزیشن مستحکم
میچ کے پہلے روز 85 اوورز کا کھیل ہوا، بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نے پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنالیے میرا نہیں خیال کہ پہلا دن مایوس کن تھا، ہم نے بڑی محنت کی، دوسرے روز جلد وکٹیں لے کر اننگز ختم کریں گے ،محمد عباس
ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلادیشی بلے بازوں نے جم کر بیٹنگ کی اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹ پر 301 رنز بنالیے ہیں۔ڈھاکا میں کھیلے جارہے میچ کے پہلے روز 85 اوورز کا کھیل ہوا، مشفق الرحیم 48 اور لٹن داس 8 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پہلے روز بنگلا دیشی بیٹرز کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کی گئی۔بنگلا دیش ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو نے پاکستان کے خلاف سنچری سکور کی، انہوں نے 130 گیندوں پر 101 رنز بنائے ، مومن الحق کی 91 رنز کی اننگز کی بدولت میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف 4 وکٹ پر 301 رنز سکور کئے ، تجربہ کار مشفق الرحیم 48 رنز پر ناقابل شکست ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس، حسن علی، شاہین آفریدی اور نعمان علی ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔قومی فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا کہ دوسرے روز ہم جلد وکٹیں لے کر بنگلادیش کی اننگز ختم کریں گے ۔ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو میں محمد عباس نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ پہلا دن مایوس کن تھا، ہم نے بڑی محنت کی، کوئی بھی ٹیم ٹاس جیتتی تو پہلے بولنگ ہی کرتی۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہم تھوڑے بد قسمت رہے کچھ مواقع پر اچھی بولنگ کی اور کچھ مواقع پر نہیں ہوئی، دوسرے روز ہم جلد وکٹیں لے کر اننگز ختم کریں گے ۔فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ گھاس ضرور تھا لیکن اس کے نیچے پچ ڈرائی تھی موسم بھی خاصا گرم تھا، یہ ایک اچھی کرکٹ پچ ہے میں اسے بیٹنگ پچ نہیں کہوں گا۔اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر طرح کی کوشش کی لیکن بنگلادیش کے بیٹرز کو کریڈٹ دینا چاہیے اچھی بیٹنگ کی۔