ایران کی 10شرائط کیساتھ فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق
کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بغیر رکاوٹ ویزے جاری کرنے کی شرط بھی شامل
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ایران نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ میں ضرور حصہ لے گی، تاہم میزبان ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کو ایران کے تحفظات دور کرنا ہونگے ،ایرانی فٹبال فیڈریشن کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور حالیہ سیاسی تنازعات کے باعث ٹیم کی شرکت سے متعلق خدشات پیدا ہوئے تھے لیکن اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایران ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا۔ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے کہا کہ ایران نے میزبان ممالک کے سامنے 10شرائط رکھی ہیں جن میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بغیر رکاوٹ ویزے جاری کرنا، قومی پرچم اور ترانے کا احترام اور ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنا شامل ہے ۔ایران نے خاص طور پر ان کھلاڑیوں کے لیے ویزا مسائل نہ ہونے کی یقین دہانی مانگی ہے جن کا تعلق ماضی میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے رہا ہے جن میں مہدی تریمی اور احسان کے نام بھی شامل ہیں۔فیفا صدر انفنٹینو پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ ایران کے میچز امریکا میں شیڈول کے مطابق ہی ہونگے ، ایران کو گروپ جی میں نیوزی لینڈ، بیلجیئم اور مصر کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ ٹیم اپنا پہلا میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں کھیلے گی۔