ماضی سے بہت کچھ سیکھا ،اس بار بہتر کپتانی کرونگا:بابر
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کی کپتانی کرنا ہمیشہ اعزاز کی بات رہی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ انہوں نے ماضی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اس بار بہتر منصوبہ بندی اور مثبت سوچ کے ساتھ ٹیم کی قیادت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ایک کپتان میں پختگی اور واضح سوچ پیدا ہوتی ہے جبکہ بطور کپتان انہوں نے اپنے فیصلوں کا جائزہ لیکر ان سے سیکھنے کی کوشش بھی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مشکل وقت میں بھرپور سپورٹ فراہم کریں کیونکہ بین الاقوامی کرکٹ دباؤ کا کھیل ہے ۔ بابر نے کہا کہ انکی توجہ ڈسپلن،فٹنس اور کارکردگی پر مرکوز ہے ۔ سوچ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوتی ہے ، اگر ٹیم کو تیز رفتار بیٹنگ درکار ہو تو وہ اسی انداز میں کھیلتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ وہ مثبت تنقید کو سنتے ہیں اور مفید مشوروں پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔