جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کا ایک اور بڑا نقصان دریافت
لندن(شوبز ڈیسک)فلو ایسا مرض ہے جس کا سامنا متعدد افراد کو ہوتا ہے مگر مناسب مقدار میں وٹامن ڈی کے استعمال سے آپ خود کو فلو سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔یہ بات برطانیہ میں ہونے والی تحقیق میں سامنے آئی۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت ہوا کہ وٹامن ڈی کی کمی کے شکار افراد میں نظام تنفس کے انفیکشنز سے متاثر ہونے یا اس کے باعث ہسپتال میں داخلے کا خطرہ 33 فیصد زیادہ ہوتا ہے ۔ تحقیق میں مختلف وائرل اور بیکٹریل بیماریاں جیسے فلو، نمونیا اور دیگر سے متاثر ہونے کے خطرے کا جائزہ بھی لیا گیا۔ تحقیق کے نتائج میں انکشاف ہوا کہ جو افراد وٹامن ڈی کی شدید کمی کے شکار ہوتے ہیں، ان میں نظام تنفس کی بیماریوں سے ہسپتال پہنچنے کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے ۔ اس تحقیق کے نتائج امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئے ۔