چک نمبر 67 ج ب نکاسیٔ آب کا نظام خراب، عوام کو مشکلات
پینسرہ (نمائندہ دنیا )چک نمبر 67 ج ب سدھار میں نکاسی آب کا نظام طویل عرصے سے ابتر حالت میں ہے ، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
بارش کے بعد گلیوں اور سڑکوں پر پانی کئی دنوں تک جمع رہتا ہے ، جس سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو جاتی ہے ۔مقامی رہائشیوں کے مطابق پرانے نالے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ بعض مقامات پر نکاسی کے راستے مکمل طور پر بند ہیں۔ گھروں کے سامنے جمع گندا پانی آمد و رفت میں دشواری کے ساتھ ساتھ مچھروں اور دیگر حشرات کی افزائش کا سبب بن رہا ہے ، جس سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ 68 موڑ، بیس لائن اور دبار بابا عزیز کے سامنے پانی جمع ہونا معمول بن چکا ہے ۔علاقہ مکینوں نے کئی بار متعلقہ محکموں اور منتخب نمائندوں کو درخواستیں دی ہیں، مگر تاحال کوئی مستقل حل نہیں نکالا گیا۔ شہریوں نے بتایا کہ بچوں اور بزرگوں کو گندے پانی سے گزرتے ہوئے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نکاسیٔ آب کے نظام کی صفائی اور مرمت کی جائے ، جبکہ طویل المدتی بنیادوں پر جدید ڈرینج سسٹم نصب کیا جائے تاکہ مستقل حل یقینی بنایا جا سکے ۔ عوام نے یہ بھی کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے درست استعمال اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔