چنیوٹ ہسپتال،مریضوں کے لواحقین کیلئے آرام گاہ قائم

  چنیوٹ ہسپتال،مریضوں کے لواحقین کیلئے آرام گاہ قائم

فیصل آباد،چنیوٹ (خصوصی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ میں مریضوں کے لواحقین کیلئے معیاری آرام گاہ تیار کر لی گئی ہے ، جہاں مرد و خواتین کیلئے الگ الگ حصے مختص کئے گئے ہیں۔کمشنرراجہ جہانگیر انور نے آرام گاہ/شیڈ کا افتتاح کیا اور وہاں موجود مرد و خواتین سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان اور دیگر متعلقہ افسربھی موجود تھے ۔ کمشنرنے بتایا کہ موسم کی سختیوں کے باعث مریضوں کے لواحقین کو بیٹھنے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس پر گزشتہ دورے کے دوران آرام گاہ کی تعمیر کی ہدایت دی گئی تھی۔ ضلعی انتظامیہ نے دو ہفتوں کے مختصر عرصے میں معیاری آرام گاہ مکمل کر کے عوام کو سہولت فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں اور ان کے لواحقین کیلئے سہولیات کی فراہمی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر طبی ماحول میسر آ سکے ۔دریں اثنا کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں جا کر طبی و انتظامی امور کا جائزہ لیا، مریضوں سے ملاقات کی اور علاج معالجے سمیت ادویات کی ہسپتال سے فراہمی کی تصدیق کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں