مین ہولز اورسلیبزکی مرمت و بحالی مکمل کرنے کا حکم
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے آپریشنز افسروں سے شہر بھر میں مسنگ مین ہولز اور روڈ سائیڈ ڈرینز کی سلیبزکے حوالے سے تفصیلی سرٹیفکیٹس طلب کر لیے ہیں، جبکہ مین ہولز اورسلیبزکی مرمت و بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔
ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے واضح احکامات کی روشنی میں واسا فیصل آباد قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے ، جس کے تحت تمام آپریشنز افسر اور فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ آپریشنز ڈائریکٹوریٹس کے انجینئرز اپنی متعلقہ سب ڈویژنز میں مسنگ مین ہولز اور روڈ سائیڈ ڈرینز کی سلیبز کی ٹوٹ پھوٹ یا عدم دستیابی کا مکمل سروے کریں اور مطلوبہ مین ہول کورز اور سلیبس کی تعداد کے حوالے سے سرٹیفکیٹس فوری جمع کروائیں، تاکہ ضرورت کے مطابق فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ مطلوبہ مین ہول کورز اور سلیبز کی فراہمی کے بعد شہر کے کسی بھی علاقے میں مسنگ مین ہولز یا ٹوٹی ہوئی سلیبز نظر نہیں آنی چاہئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مرمت و بحالی کے عمل میں سست روی یا غفلت برتنے والے افسران اور عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔