ایف ڈی اے ڈیجیٹائزیشن، 31کروڑ ریکور، 36سکیمیں مکمل
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) کی انتظامیہ نے تیز رفتار سروس ڈلیوری کے لیے سال 2025ء کے دوران ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ، جس کے نتیجے میں جائیدادوں کے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس سمیت دیگر سروسز ریئل ٹائم میں فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت عوامی فلاح و بہبود کی 36 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی گئیں جبکہ جیوگرافک انفارمیشن سسٹم (GIS) کی بنیاد پر کمرشل روڈز کا سروے کر کے نادہندگان سے 31 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ایک اجلاس میں مختلف شعبہ جات کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف ا نجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں سمیت دیگر افسر موجود تھے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹائزیشن منصوبے کی تکمیل کے بعد 9 ہزار 685 ای چالان آن لائن جاری کئے گئے ، جن کے ذریعے 48 کروڑ 58 لاکھ روپے کی وصولی ممکن ہوئی۔