عادی درخواست باز مافیا کی حوصلہ شکنی کا فیصلہ 3 سے زائد شکایات پر حیثیت جانچنے کا لائحہ عمل تیار

عادی درخواست باز مافیا کی حوصلہ شکنی کا فیصلہ 3 سے زائد شکایات پر حیثیت جانچنے کا لائحہ عمل تیار

محکموں سے عادی درخواست بازوں کی فہرستیں طلب ،مختلف محکموں کے بعض ملازمین کی جانب سے مافیا میں شامل افراد کو معلومات فراہم کئے جانے کا بھی انکشاف ، گروہ میں خواتین بھی شامل

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈویژنل سطح پر عادی درخواست بازوں کی حوصلہ شکنی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ، جس کے تحت میونسپل کارپوریشن، ایف ڈی اے ، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ، ہائی وے ، پی ایچ اے ، ضلع کونسل سمیت دیگر محکموں سے عادی درخواست بازوں کی فہرستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ تین سے زائد درخواستیں دینے والے افراد سے درخواست وصول کرنے سے قبل ان کی متعلقہ حیثیت اور درخواست کی نوعیت جانچنے کیلئے باقاعدہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔مختلف محکموں کے بعض ملازمین کی جانب سے ان افراد کو معلومات فراہم کئے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ شہریوں اور کاروباری حضرات کا کہنا ہے وہ عادی درخواست باز مافیا کے ہاتھوں شدید پریشان ہیں۔شہر میں ایک منظم گروہ سرگرم ہے جو عام

شہریوں، کاروباری افراد اور سرکاری ملازمین کیخلاف درجنوں درخواستیں مختلف محکموں میں جمع کرواتا ہے ، اس گروہ میں خواتین بھی شامل ہیں۔ سب سے زیادہ درخواستیں میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل میں دی جاتی ہیں۔ درخواست گزار بعض محکموں کے ملازمین سے سازباز کر کے معلومات حاصل کرتے ہیں جب ان کارروائی ہوتی ہے تو مبینہ طور پر لین دین کے بعد درخواست گزار اپنی درخواستوں سے دستبردار ہو کر حق میں بیان دے دیتے ہیں، ۔کمشنر راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے ذاتی مسائل کے حل کیلئے درخواست دینا ہر شہری کا حق ، تاہم غیر متعلقہ اور بے جا درخواستوں سے سرکاری اداروں پر غیر ضروری بوجھ پڑتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں