میڈیکل ویسٹ کھلے عام پھینک دی گئی، شہریوں کی زندگیوں کو خطرات

 میڈیکل ویسٹ کھلے عام پھینک دی گئی، شہریوں کی زندگیوں کو خطرات

نجی لیبارٹریز کے متاثرہ میڈیکل ویسٹ کو کباڑ خانوں میں فروخت کرنے کا بھی انکشاف

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)محکمہ صحت کی مبینہ غفلت اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک میں عدم دلچسپی نے شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دی ہیں، نامعلوم لیبارٹریز کی جانب سے متاثرہ میڈیکل ویسٹ کھلے عام ریلوے لائن کے ساتھ پھینک دی گئی جبکہ محکمہ صحت اور ماحولیات نے سنگین صورتحال پر پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔پھینکی گئی میڈیکل ویسٹ میں خون آلودہ ٹیسٹنگ ٹیوبز، وائلز، استعمال شدہ سرنجیں اور دیگر خطرناک سامان شامل ہے جو کسی بھی شہری کیلئے جان لیوا انفیکشن کا باعث بن سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ خطرناک ویسٹ گزشتہ کئی ہفتوں سے نشاط آباد پل کے قریب ریلوے لائن پر پڑی ہے جسے تاحال وہاں سے نہیں اٹھایا جا سکا، جس پر علاقہ مکین شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔

یاد رہے کہ انفیکشن زدہ میڈیکل ویسٹ کو انسنریٹر مشین تک پہنچانے کی بجائے غیر قانونی طور پر کھلے عام پھینک دیا گیا جو متعلقہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال متعلقہ محکموں کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ اس حوالے سے محکمہ صحت کی انسپکیشن بھی غیر مؤثر دکھائی دے رہی ہے ۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ نجی لیبارٹریز کی جانب سے متاثرہ میڈیکل ویسٹ پلاسٹک کو مبینہ طور پر سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت سے کباڑ خانوں میں فروخت کرنے کے انکشافات بھی سامنے آ رہے ہیں جس نے معاملے کی سنگینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں