شہریوں کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کا حل ترجیح :علی اکبربھنڈر
ڈپٹی کمشنر جھنگ نے شہریوں کے مسائل سنے ، فوری ریلیف کے احکامات جاری
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شہریوں کی شکایات و مسائل کے بروقت ازالہ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈر نے ریونیو عوامی خدمت سروسز کے پہلے روز شہریوں کی درخواستیں سنیں اور سائلین کو فوری ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے موقع پر احکامات جاری کیے ۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف سائلین سے ریونیو عوامی خدمت سروسز کی افادیت اور مسائل کے حل میں پیشرفت بارے بھی دریافت کیا اور شہریوں سے گفتگو میں کہا کہ ریونیو سے متعلقہ مسائل کا حل میری ترجیح ہے۔
انہوں نے بعض سائلین کی درخواستوں پر اسسٹنٹ کمشنرز کو تیز رفتار اقدامات کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ریونیو عوامی خدمت سروسز میں تمام ریونیو افسر ایک ہی چھت تلے موجود ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جھنگ سمیت دیگر تحصیلوں میں کھلی کچہریوں کا مقصد عوام الناس کو محکمہ مال سے متعلق ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا ہے ۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور ڈاکٹروں و سٹاف کی حاضری، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی آپریشن کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کیں۔