ٹو بہ :عوامی ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد، ضروری احکامات جاری
عوامی مسائل کا شفاف اور بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے :عمر عباس ڈی سی کی زیر صدارت اجلاس ، گرانفروشوں کیخلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کی زیرِ نگرانی ان کے دفتر میں عوامی ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام متعلقہ ریونیو افسر اور محکموں کے نمائند ے ایک ہی چھت کے نیچے موجود تھے ۔ شہریوں نے زمین، فرد کے اجراء، انتقال، ریکارڈ کی تصحیح اور دیگر ریونیو معاملات سے متعلق شکایات پیش کیں جن کی موقع پر ہی شنوائی کی گئی۔سادہ نوعیت کے متعدد ریونیو مسائل فوری طور پر حل کر دیئے گئے جبکہ پیچیدہ معاملات کے حل کیلئے متعلقہ افسروں کو واضح ٹائم لائن جاری کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ عوامی مسائل کا شفاف اور بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔
جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال دسمبر میں ضلع بھر میں مجموعی طور پر 34,186 انسپکشنز کی گئیں اورخلاف ورزیوں پر 16لاکھ 27ہزار500 روپے جرمانے عائد کیے گئے ۔ روٹی کے وزن اور قیمتوں کی نگرانی کے لیے خصوصی کارروائیاں بھی عمل میں لائی گئیں اور 3لاکھ73ہزار500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں قیمتوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے اور انسپکشنز کو مخصوص مقامات تک محدود نہ رکھا جائے ۔ اجلاس میں گرانفروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔