ایل پی جی کی بلیک مارکیٹ، شہریوں کے چولہے ٹھنڈے
سلنڈر کی قیمت 2665 5 ہزار سے 6 ہزار روپے تک بلیک میں فروخت
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)شہر و گردونواح میں ایل پی جی گیس کی بلیک میں فروخت دھڑلے سے جاری ہے ، جس کے باعث گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ عید الفطر کی چھٹیوں میں گیس بیچنے والوں نے خود ساختہ نرخ بڑھا کر شہریوں کے چولہے ٹھنڈے کر دئیے ۔سرکاری نرخ کے مطابق 12 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 2665 روپے بنتی ہے ، لیکن مارکیٹ میں اسے فی سلنڈر 5 ہزار سے 6 ہزار روپے تک بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔ صارفین نے کہا کہ انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے دکاندار ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ ان کے خلاف صرف معمولی جرمانے عائد کر کے معاملہ نمٹا رہی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بلیک میں فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے اور ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورائیہ نے کہا کہ انتظامیہ ایسی کالی بھیڑوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جلد ان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔