قصابوں کی من مانیاں، پرائس کنٹرول ناکام، شہریوں کا احتجاج

قصابوں کی من مانیاں، پرائس کنٹرول ناکام، شہریوں کا احتجاج

بڑا گوشت سرکاری نرخ ساڑھے آٹھ سو روپے کی بجائے 1500میں کلو بکتا رہا

پینسرہ (نمائندہ دنیا )تھانہ ایئرپورٹ اور تھانہ ٹھیکری والا کے علاقوں سدھار، ساتواں میل، 66 ج ب، 64 ج ب، نیو سبزی منڈی، چھوٹا بائی پاس، بڑا بائی پاس، ٹھیکری والا، پینسرہ، ایئرپورٹ چوک اور گردونواح میں عید کے موقع پر قصابوں کی من مانیاں عروج پر رہیں، جبکہ پیرا فورس اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دئیے ۔شہریوں کے مطابق عید سے ایک روز قبل اور عید کے دنوں میں بڑا گوشت سرکاری نرخ ساڑھے آٹھ سو روپے فی کلو کے برعکس 1400 سے 1500 روپے فی کلو فروخت کیا گیا، جبکہ چھوٹا گوشت 2700 سے 3000 روپے فی کلو کے حساب سے بیچا گیا۔ذرائع کے مطابق قصاب نہ صرف من مانے نرخ وصول کرتے رہے بلکہ وزن میں بھی کمی کی گئی اور ایک کلو کے بجائے آٹھ سو سے نو سو گرام گوشت دے کر شہریوں کو لوٹا گیا۔ واضح رہے کہ عید کے موقع پر ملک بھر میں گوشت کی قیمتوں میں اضافہ معمول بن چکا ہے اور مختلف شہروں میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات سامنے آتی رہتی ہیں۔شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ دی ہے جبکہ انتظامیہ کی ناقص کارکردگی نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قصاب مافیا کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے ، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور وزن میں کمی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں