ڈپٹی کمشنر کے دوروں کے باوجود پیرمحل کے مسائل حل نہ ہو سکے

ڈپٹی کمشنر کے دوروں کے باوجود پیرمحل کے مسائل حل نہ ہو سکے

ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، گہرے گڑھوں کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات

پیرمحل (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کے پیرمحل میں مسلسل دوروں کے باوجود شہری مسائل جوں کے توں برقرار ہیں، جبکہ عوام نے انتظامی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔تحصیل پیرمحل میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔ جنرل بس اسٹینڈ (لاری اڈا) ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، گہرے گڑھوں اور ناقص انتظامات کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے ، جہاں آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں۔لاری اڈا میں بیسمنٹ سمیت بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جبکہ مسافر خانہ میں بغیر منصوبہ بندی دیواریں کھڑی کر کے اسے مبینہ طور پر نشہ کے عادی افراد اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے محفوظ جگہ بنا دیا گیا ہے ۔شہریوں کے مطابق بے نظیر پارک روڈ اور موٹر وے روڈ پر تعمیراتی کام ادھورا چھوڑ کر پتھر ڈال دیے گئے ہیں، جس سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ بے نظیر پارک میں پینے کے پانی، بیٹھنے کے بنچ اور لائٹس کی شدید کمی ہے جبکہ گرین بیلٹس میں شجرکاری کے بجائے ملبہ اور اینٹیں ڈال دی گئی ہیں اور جالیاں بھی چوری ہو چکی ہیں۔سماجی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ عارضی صفائی کر کے اعلیٰ حکام کو سب اچھا کی رپورٹس دے رہی ہے ، جبکہ زمینی حقائق مختلف ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لاری اڈا کی حالت بہتر بنائی جائے ، پارکس میں سہولیات فراہم کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں