چنیوٹ : شفاف امتحانی نظام یقینی بنانے کی ہدایات
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس ہرل نے طلبہ سے سوالات پو چھے
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس ہرل نے میٹرک سالانہ امتحانات کے سلسلے میں گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول چنیوٹ میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔انہوں نے امتحانی عملہ کے رویے کے بارے میں طلبہ سے دریافت کیا اور سپرنٹنڈنٹ سنٹر کو امتحانی عمل شفاف رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پیپرز کی ترسیل و تقسیم، سیٹنگ پلان، رول نمبر سلپس، حاضری شیٹ اور امتحانی کاپیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے امتحانی مرکز میں روشنی، پینے کے پانی اور واش رومز کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ سکیورٹی انتظامات بھی چیک کیے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بوٹی مافیا کے خاتمے اور شفاف امتحانی نظام پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے ۔