ایل پی جی مافیا کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کر نے کا مطالبہ

ایل پی جی مافیا کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کر نے کا مطالبہ

بلیک مارکیٹنگ اور مہنگائی سے عوام کا جینا دوبھر، حکومت نوٹس لے : طاہر ایوب

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق یو سی ناظم و چیئرمین سی سی 28 گلستان کالونی، ممبر امن کمیٹی میاں طاہر ایوب نے ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ اور قیمتوں میں خودساختہ ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی مافیا خلیجی بحران کی آڑ میں مصنوعی قلت پیدا کر کے من مانے نرخ وصول کر رہا ہے اور عوام کی جیبوں پر دن دہاڑے ڈاکا ڈالا جا رہا ہے ، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی کھلے عام بلیک مارکیٹنگ اور ناجائز منافع خوری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور مافیا سرکاری نرخوں کو جوتی کی نوک پر رکھتے ہوئے من مانے ریٹ وصول کر رہا ہے ۔ یہ صورتحال نہ صرف حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے بلکہ غریب عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی بھی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ غریب اور متوسط طبقہ، جو پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ،

اب بنیادی ضرورت کے حصول کے لیے بھی ذلیل و خوار ہو رہا ہے جبکہ حکومتی دعوے محض بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔میاں طاہر ایوب نے مزید کہا کہ ایل پی جی ہر گھر کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے مگر ذخیرہ اندوز عناصر مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمتوں کو آسمان پر پہنچا رہے ہیں، جس کے باعث عوام مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ایل پی جی مافیا کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن شروع کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں