شہر بھر کے مسافر اڈوں پارکس ، تفریحی مقامات پر پیشہ ور بھکاریوں کا راج لوگ پریشان
متعدد بار شکایات کا اندراج کروانے کے باوجود افسر و اہلکار مبینہ طور پر پیشہ ور بھکاریوں اور انہیں چلانے والے عناصر کے خلاف سخت اور عملی اقدامات اٹھانے کی بجائے ، محض کاغذی کاروائیاں کرتے ہیں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سوشل ویلفیئر اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر بھر کے مسافر اڈوں، پارکس، تفریحی مقامات، چوک چوراہوں، مارکیٹوں اور بازاروں میں پیشہ ور بھکاریوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔شہر کے مختلف اہم مقامات پر پیشہ ور بھکاری خود کو معذور ظاہر کرنے اور غربت کا ڈرامہ رچانے سمیت مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے شہریوں کو نوسر بازی کا نشانہ بنا رہے ہیں اور پیسے بٹور رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کی جانب سے سخت کارروائی کے احکامات کے باوجود عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ ٹیموں کی مبینہ طور پر کاغذی کارروائیوں اور بوگس رپورٹس تک محدود سرگرمیوں کے باعث صورتحال روز بروز بگڑتی جا رہی ہے ۔مزید یہ کہ بھکاریوں کے روپ میں جرائم پیشہ عناصر بھی سرگرم ہیں جو چوری، جیب تراشی اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں اور ان کے منظم نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر اور مستقل کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے شہر کو اس مسئلے سے نجات دلائی جائے ۔شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات کا اندراج کروانے کے باوجود بھی افسران و اہلکار مبینہ طور پر پیشہ ور بھکاریوں اور انہیں چلانے والے عناصر کے خلاف سخت اور عملی اقدامات اٹھانے کی بجائے ، محض کاغذی کاروائیاں کرتے ہوئے حکام کو سب اچھا ہے کہ رپورٹس ارسال کر دیتے ہیں۔