سب ڈویژن سدھار میں مستقل ایس ڈی او تعینات نہ ہو سکا

سب ڈویژن سدھار میں مستقل ایس ڈی او تعینات نہ ہو سکا

ایک ہی افسر کے ذمہ دو سب ڈویژنز ہونے کے باعث کام متاثر ،لو گوں کو پریشانی

پینسرہ (نمائندہ دنیا )سب ڈویژن سدھار میں تاحال مستقل ایس ڈی او کی تعیناتی عمل میں نہ آ سکی، جس کے باعث انتظامی امور متاثر اور صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق سب ڈویژن جھنگ روڈ کے ایس ڈی او کو عارضی طور پر سب ڈویژن سدھار کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے ۔ رانا تنویر، جو بنیادی طور پر سب ڈویژن جھنگ روڈ کے ایس ڈی او ہیں، غلام عباس شاہ کی معطلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر قائم مقام ایس ڈی او کے طور پر دونوں سب ڈویژنز کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ایک ہی افسر کے ذمہ دو سب ڈویژنز ہونے کے باعث انتظامی امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قائم مقام ایس ڈی او وقفے وقفے سے ہی سب ڈویژن سدھار کا دورہ کرتے ہیں جبکہ زیادہ تر معاملات کلریکل نوعیت کے دستخط تک محدود رہتے ہیں، جس سے عوامی مسائل جوں کے توں ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بلوں کی درستگی، اوور بلنگ، میٹرز اور دیگر شکایات کے حل کے لیے آنے والے سائلین سارا دن دفاتر کے چکر لگا کر خوار ہو رہے ہیں لیکن انہیں ریلیف نہیں مل رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں