امریکہ،ایران تعلقات میں پاکستان کے کردار پر سیمینار
پاکستان تنازعات میں سفارتی پل کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ، مقررین
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار بعنوان \"اسلام آباد بطور سفارتی مرکز: امریکہ۔ایران تعلقات میں پاکستان کے کردار کا ازسرنو جائزہ\" منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے عالمی سفارت کاری میں ابھرتے کردار اور امریکہ و ایران کے درمیان مذاکرات میں ممکنہ کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔سیمینار میں اساتذہ، طلبہ اور بین الاقوامی امور کے ماہرین نے شرکت کی اور موجودہ عالمی سیاسی صورتحال میں پاکستان کی اہمیت اور مختلف تنازعات میں سفارتی پل کے طور پر کردار پر روشنی ڈالی۔چیئرمین شعبہ بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر غلام مصطفیٰ نے معزز مہمانوں پروفیسر ڈاکٹر رابعہ اختر، ڈاکٹر قمر چیمہ اور پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر کا خیر مقدم کیا اور سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کیے ۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد عاصم محمود بھی موجود تھے ۔مقررین نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے نہایت اہم ملک ہے اور ماضی میں بھی پاکستان امریکہ۔چین تعلقات کی بحالی اور امریکہ۔طالبان امن عمل میں اہم کردار ادا کر چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور علاقائی اثر و رسوخ اسے پیچیدہ عالمی تنازعات میں ثالثی کے لیے موزوں بناتے ہیں۔