پا کستان، روس کا زرعی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
روسی تجارتی وزیر ڈینس نیوزوروف کا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ زرعی مشینری، ویکسین، غذائی تحفظ اور تعلیمی روابط کے فروغ پر زور
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) روس کے تجارتی وزیر ڈینس نیوزوروف نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، زراعت اور تعلیمی شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈینز اور ڈائریکٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ زرعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور روس کے زرعی اداروں کے مابین تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ڈینس نیوزوروف نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے تعلقات میں خصوصاً زرعی شعبے میں بے پناہ گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روس پاکستان سے آلو اور سمندری خوراک جیسی اشیا خریدنے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے زرعی مشینری اور ویکسین کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان زرعی مصنوعات کے لیے ایک بڑی منڈی ہے ۔انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کو غذائی تحفظ کے حصول میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے جبکہ روس گندم کا بڑا برآمد کنندہ ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے زرعی یونیورسٹی میں روسی زبان کے مرکز اور کورس کے اجرا کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے طلبہ، اساتذہ اور کمیونٹی کو فائدہ پہنچے گا اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ ملے گا۔