ماموں کانجن میں لوڈشیڈنگ، شہریوں کی زندگی اجیرن
بجلی کی طویل بندش سے کاروباری سرگرمیاں متاثر، شیڈول جاری کرنیکا مطالبہ
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا)ماموں کانجن شہر اور گرد و نواح میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، جس پر عوام سراپا احتجاج ہیں اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔بجلی کی بار بار اور طویل بندش کے باعث نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا کوئی باقاعدہ شیڈول موجود نہیں، جس کے باعث روزمرہ معمولات شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی عدم دستیابی نے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کے لیے صورتحال کو مزید اذیت ناک بنا دیا ہے ۔دوسری جانب دکانداروں اور چھوٹے کاروباری افراد نے شکایت کی ہے کہ مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث ان کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے اور معاشی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیا جائے ، لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کیا جائے اور باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔