غیر قانونی سگریٹ کیخلاف کارروائی، لاکھوں کی کھیپ برآمد
اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں چھاپے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ کی سربراہی میں پیرا فورس نے غیر قانونی سگریٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے ۔انفورسمنٹ آفیسر علی شہریار خان اور محمد زاور نے ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ، جس کے دوران غیر قانونی طور پر سگریٹ فروخت کرنے والی دکانوں اور گوداموں سے لاکھوں روپے مالیت کی کھیپ برآمد کر لی گئی۔برآمد شدہ سامان کو قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے محکمہ ایکسائز کے حوالے کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔