پولیس کی مبینہ غفلت ، وارداتوں میں اضافہ

پولیس کی مبینہ غفلت ، وارداتوں میں اضافہ

ڈکیتی، راہزنی، اغوا اور منشیات فروشی بڑھ گئی ، پٹرولنگ ڈیوٹی پر تعینات افسروں و اہلکاروں کی غیر حاضری معمول ، پولیس مؤثر اقدامات میں غیر سنجیدہ ہے :شہری

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ضلع بھر میں پولیس کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، بھتہ خوری، منشیات فروشی اور جوئے سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے ، جبکہ شہریوں نے امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق شہر بھر میں قائم ناکہ بندی پوائنٹس اور پٹرولنگ ڈیوٹی پر تعینات بعض پولیس افسروں و اہلکاروں کی غیر حاضری معمول بنتی جا رہی ہے ، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر دوبارہ متحرک ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑھتی وارداتوں کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس مؤثر اقدامات میں مبینہ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ، جبکہ ماضی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر کیے گئے سخت اقدامات کے باعث جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی تھی۔ذرائع کے مطابق ایک وقت میں یومیہ ڈھائی سو سے زائد وارداتیں کم ہو کر 40 سے 45 تک محدود ہوگئی تھیں، جس کے باعث شہری خود کو محفوظ تصور کرتے تھے ، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کمزور پڑنے سے دوبارہ وارداتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، نوسربازی، منشیات فروشی اور جوئے سمیت دیگر جرائم کی بڑھتی وارداتوں کے باعث شہری خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ جائزے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے میں جرائم کی صورتحال کا جائزہ لینے پر فیصل آباد پولیس کی کارکردگی مبینہ طور پر ناقص قرار دی گئی، جس پر سرزنش بھی کی گئی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے دوبارہ مؤثر حکمت عملی اپنائیں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کے مطابق جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں