بچوں میں امراض سینہ: علاج کیلئے ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹرز کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے کا فیصلہ
فیصل آباد سمیت 31 طبی تعلیمی اداروں کو نئی پالیسی سے آگاہ کر دیا گیا،سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ، انفراسٹرکچر 2 سال قبل کے لیٹر کے مطابق بنایا گیا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب نے نظامِ تنفس سے متعلق امراض میں مبتلا بچوں کے علاج معالجہ کو بہتر بنانے کے لیے ہسپتالوں کے شعبہ امراضِ سینہ میں ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت بچوں کے لیے الگ سرجنز اور سینئر ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں گے ۔اس حوالے سے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔ مراسلے کے مطابق فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال ون اور ٹو سمیت پنجاب بھر کے 31 طبی تعلیمی اداروں کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو حکومت پنجاب کی نئی پالیسی سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شعبہ امراضِ سینہ و پھیپھڑوں کے اسپیشلسٹ ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا، جن کی مدت ملازمت تین سال ہوگی، جبکہ بھرتی کے لیے عمر کی حد 65 سال مقرر کی گئی ہے ۔محکمہ صحت کے مطابق ان بھرتیوں کے لیے انفراسٹرکچر دو سال قبل جاری کیے گئے لیٹر کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ شعبہ امراضِ سینہ میں پروفیسر ڈاکٹرز کی کمی، مریض بچوں کی بڑھتی تعداد اور بچوں کی صحت سے متعلق حکومتی خصوصی اقدامات کے تحت طبی سہولیات کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے کیا گیا ہے ۔یہ اقدام بالخصوص سانس اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا بچوں کے علاج کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔