تاجر رہنماؤں کا پٹرولیم لیوی اور مہنگائی پر اظہار تشویش
بزنس کمیونٹی کے تحفظات دور کرنے تک معاشی استحکام نہیں آ سکتا :شاہد رزاق
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلیٰ و صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا، جنرل سیکرٹری شیخ سعید احمد، ڈپٹی سیکرٹری میاں ریاض شاہد، چیئرمین مرزا اشرف مغل، صدر ینگ ٹریڈرز ملک سہیل نیاز طور اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت معاشی اعتبار سے نازک مرحلے سے گزر رہا ہے ، اور تاجر برادری و صنعتکار ملکی معیشت کو سہارا دینے میں کلیدی کردار رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک بزنس کمیونٹی کے تحفظات دور کرکے انہیں سازگار ماحول فراہم نہیں کیا جاتا، معاشی استحکام کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔تاجر رہنماؤں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بوجھ عام آدمی اور کاروباری طبقے دونوں پر پڑ رہا ہے ۔ خواجہ شاہد رزاق سکا نے کہا کہ پٹرولیم لیوی اور ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن میں اضافے کے باعث مہنگائی کی نئی لہر پیدا ہو رہی ہے ،
جس کے اثرات ٹرانسپورٹ سے لے کر اشیائے خورد و نوش تک ہر شعبے پر مرتب ہوں گے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی میں کمی کرکے عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے نکالا جائے ۔رہنماؤں نے کہا کہ بجلی کے ناقص ترسیلی نظام، مہنگی توانائی اور دیگر معاشی مسائل نے کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے ، جبکہ اس کا بوجھ عام صارفین اور غریب طبقے پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو مہنگائی میں مزید اضافہ کاروباری سرگرمیوں کو متاثر اور عوامی مشکلات میں اضافہ کر سکتا ہے ۔