ایم فل اور پی ایچ ڈی داخلوں کیلئے خصوصی ٹیسٹ شرط
پی ایچ ڈی کیلئے ایچ اے ٹی اور متعلقہ مضمون کا خصوصی ٹیسٹ دینا بھی لازمی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)فیصل آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے سال 2026ء سے مختلف ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے نئی پالیسی نافذ کر دی ہے ، جس کے تحت ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کیلئے خصوصی ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اب ایم ایس اور ایم فل پروگرامز میں داخلے کیلئے امیدواروں کو متعلقہ جی آر ای (GRE) ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔اسی طرح پی ایچ ڈی کیلئے ایچ اے ٹی (HAT) اور متعلقہ مضمون کا خصوصی ٹیسٹ دینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام ٹیسٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے زیر انتظام ایجوکیشنل ٹیسٹنگ کونسل کے ذریعے لیے جائیں گے اور اب کسی بھی یونیورسٹی کو اپنی سطح پر داخلہ ٹیسٹ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔واضح کیا گیا ہے کہ گریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023ء پہلے ہی ختم کی جا چکی تھی، جس کے تحت ایم ایس اور ایم فل کیلئے 50 فیصد نمبروں کے ساتھ ٹیسٹ کی شرط تھی، تاہم اب نئی ہدایات کے مطابق پورے نظام میں یکساں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔حکام کے مطابق یہ فیصلہ تعلیمی اور ادارہ جاتی سطح پر معیار بہتر بنانے اور شفافیت کو فروغ دینے کیلئے کیا گیا ہے ، اور اس حوالے سے مراسلہ تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کو ارسال کر دیا گیا ہے ۔