چناب نگر :صفائی کے انتظامات، شہریوں کا انتظامیہ سے تعاون
عید کے دنوں میں تمام سینٹری ورکرز کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی تھیں
چناب نگر(نامہ نگار) عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گئے اور شہریوں کو بہترین ماحول فراہم کیا گیا۔ یہ بات چیف آفیسر میونسپل کمیٹی چناب نگر پرویز اختر نے بتائی۔انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کی مؤثر مانیٹرنگ اور شکایات کے بروقت ازالے کیلئے چناب نگر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا جبکہ عید کے دنوں میں تمام سینٹری ورکرز کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی تھیں۔پرویز اختر نے بتایا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کیلئے میونسپل کمیٹی کا عملہ ہر وقت عوام کی خدمت کیلئے متحرک رہا۔
شہریوں کو آلائشیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے شاپر بیگز بھی فراہم کیے گئے تاکہ وہ آلائشیں بیگز میں ڈال کر مقررہ پوائنٹس تک پہنچا سکیں۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کا کہنا تھا کہ عملے نے بھرپور انداز میں فرائض سرانجام دیے جبکہ شہریوں نے بھی شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلی محلوں میں آلائشیں پڑی ہونے کی اطلاعات موصول ہوتے ہی میونسپل کمیٹی کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صفائی یقینی بناتا رہا۔