جھنگ :منی پٹرول ایجنسیوں کی بھرمار، بڑے حادثے کا خدشہ
ملاوٹ شدہ ایرانی پٹرول اور ڈیزل بھی دھڑلے سے فروخت کیا جا رہا
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)جھنگ شہر و گردونواح سمیت ضلع بھر میں غیرقانونی منی پٹرول ایجنسیوں پر سرعام پٹرول اور ڈیزل کی فروخت جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔شہر اور نواحی علاقوں میں قائم غیرقانونی منی پٹرول ایجنسیوں پر نہ صرف پیمانے میں کمی کی شکایات عام ہیں بلکہ مبینہ طور پر ملاوٹ شدہ ایرانی پٹرول اور ڈیزل بھی دھڑلے سے فروخت کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اس غیرقانونی کاروبار کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔
شہریوں کے مطابق رہائشی علاقوں اور مصروف شاہراہوں پر قائم یہ غیرقانونی ایجنسیاں کسی بھی وقت بڑے حادثے یا سانحے کا سبب بن سکتی ہیں، تاہم اس کے باوجود مالکان کھلے عام غیرقانونی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔شہری اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیرقانونی منی پٹرول و ڈیزل ایجنسیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے اور جانی نقصان سے بچا جا سکے ۔