بغیر ترپال مٹی و ریت کی ٹرالیاں شہریوں کیلئے وبال جان
سائیکل سواروں اور دیگر راہگیروں کو پریشانی کا سامنا ،آلودگی میں بھی اضافہ
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)جھنگ شہر اور گردونواح میں بغیر ترپال کے گزرنے والی ریت اور مٹی سے بھری ٹرالیاں راہگیروں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے شدید مشکلات کا باعث بن گئی ہیں۔شہر بھر میں مٹی اور ریت سے لدی ٹرالیاں بغیر کسی حفاظتی انتظام کے مین شاہراہوں پر رواں دواں ہیں، جس سے ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھنے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرعام کھلے عام بغیر ترپال کے چلنے والی ٹرالیاں گرد و غبار پھیلا رہی ہیں جبکہ مٹی اڑنے کے باعث موٹر سائیکل سواروں اور دیگر راہگیروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق ان ٹرالیوں کی وجہ سے حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ سول سوسائٹی اور شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں مٹی اور ریت سے بھری ٹرالیوں کی انٹری محدود کی جائے یا پھر انہیں مکمل طور پر ترپال سے ڈھانپ کر چلانے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری مزید حادثات، گرد و غبار اور آلودگی سے محفوظ رہ سکیں۔