ملک کسی کشیدگی اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا: شبیر احمد عثمانی
اتحاد و امن وقت کی ضرورت، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رہیگی
چناب نگر(نامہ نگار)وطن عزیز کسی قسم کی کشیدگی اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ قیامِ پاکستان کے مقاصد پورے کیے جا سکیں۔ ختم نبوت کی چوکیداری حضور ﷺ کی ذات اقدس کی نگہبانی ہے جبکہ غلامیٔ رسول ﷺ دین کی شرطِ اول ہے ۔ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے مرکزی نائب امیر مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے عیدالاضحیٰ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے پرامن جدوجہد وطن عزیز کی بقا و سلامتی کی ضامن اور ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔
مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ عید قربان کے موقع پر اپنی انا قربان کرنے اور اپنی خوشیوں میں غریب و نادار لوگوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی اپیل بھی کی۔انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی عزت و ناموس کے تحفظ کیلئے ہر کلمہ گو مسلمان کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ قربانی سنتِ ابراہیمی ہے اور ہر مسلمان میں ہر قسم کی قربانی کا جذبہ ہونا چاہیے ۔مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ اسلام امن، سلامتی اور آشتی کا مذہب ہے اور دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ۔