اے ایف ڈی اور یورپی یونین کے وفد کا واسا کا دورہ
واسا فیصل آباد کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ایجنسی فرانسیسز برائے ڈویلپمنٹ (AFD) اور یورپی یونین (EU) کے وفد نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور واسا ہیڈ آفس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد کو واسا فیصل آباد کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد نے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا، جہاں تعمیراتی کاموں کے معیار اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو کے ٹرانسمیشن لائن منصوبے کا بھی معائنہ کیا گیا۔اے ایف ڈی اور یورپی یونین کے نمائندوں نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ واسا فیصل آباد اس میگا منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کرے گا، جس سے شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔دورے کے دوران یورپی یونین کے نمائندے نے واسا کی استعدادِ کار (کیپسٹی بلڈنگ) سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پرمنیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا کہ ادارے کی گورننس، ریونیو، مینجمنٹ اور مالیاتی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور افسروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں یورپی یونین مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے ، جس پر وفد نے مثبت ردِعمل کا اظہار کیا۔