ڈی سی ، ڈی پی او کا دریائے چناب پر فرضی مشق کا معائنہ
انتظامیہ ،پولیس مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار:گفتگو
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے پل دریائے چناب پر ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام فلڈ سیزن 2026 کی تیسری پری فلڈ موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی ا کو فلڈ ایمرجنسی پلان، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات، دستیاب وسائل، ریسکیو آپریشنز اور مختلف اداروں میں باہمی رابطہ کاری پربریفنگ دی۔
فرضی مشق کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال میں بروقت رسپانس، امدادی سرگرمیوں کی استعدادِ کار کا جائزہ لینا، مختلف اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تیاریوں کو عملی طور پر جانچنا تھااس مشق میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، محکمہ زراعت، سوشل ویلفیئر، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو سکاوٹس نے فرضی سیلابی صورتحال میں کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی ڈاکٹر نوید عاطف نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی تیاریوں کو سراہتے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔ انہوں نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔