آل پنجاب دودھ مقابلہ ملتان کے فارمر کی بھینس نے جیت لیا
حاجی شوکت ڈوگر کی بھینس نے 35.450 کلوگرام دودھ دے کر میدان مارا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان ڈیری فارمر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پنجاب دودھ مقابلہ منعقد ہوا، جس میں ملتان کے فارمر حاجی شوکت ڈوگر کی بھینس \"فردوس ہینو\" نے 35.450 کلوگرام دودھ دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔اسی فارمر کی بھینس \"لیلیٰ\" نے 31.500 کلوگرام اور \"ریشما\" نے 31.450 کلوگرام دودھ دے کر بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فیصل آباد کے میاں سجاد حالی کی بھینس \"کاجل\" اور چھانگا مانگا کے رانا ماجد خان کی بھینس \"تبسم\" نے 30.550 کلوگرام دودھ دے کر مشترکہ طور پر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔صدر چوہدری عارف سعید، جنرل سیکرٹری طارق سلمان، نائب صدر تنویر جٹ، چوہدری ثاقب چٹھہ، علی رندھاوا، میاں عتیق، عمران مصطفیٰ سیال اور دیگر نے کامیاب فارمرز میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ مزمل جٹ ماہی گروپ فیصل آباد کی دو بھینسوں \"عنبر\" اور \"گاڈ گفٹ\" نے بھی 30 کلوگرام سے زائد دودھ دیا۔ مہمانوں نے شدید گرمی میں بھینسوں کی بہترین پیداوار پر فارمرز کی محنت کو سراہا۔