روایتی اینٹوں کے بھٹوں سے آلودگی میں اضافہ

روایتی اینٹوں کے بھٹوں سے آلودگی میں اضافہ

زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے احکامات پر عمل نہ ہو سکا ، اکثر بھٹے آ ج بھی پرانی ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ، دمہ، پھیپھڑوں اور آ نکھوں کی بیماریوں میں اضافہ متعلقہ حکام سیاہ دھواں خارج کرنے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائیں اور ماحو ل کو بہتر بنائیں :شہریوں کا مطالبہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت کی جانب سے تمام بھٹہ جات کو زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے احکامات کے باوجود فیصل آباد اور گردونواح میں متعدد بھٹے مبینہ طور پر تاحال روایتی طریقے سے چلائے جا رہے ہیں، جس کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ اور سموگ کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔جھنگ روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، سمندری روڈ سمیت مختلف صنعتی اور نواحی علاقوں میں قائم متعدد بھٹوں اور صنعتی یونٹس سے دن رات سیاہ دھواں خارج ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کئی بھٹہ مالکان نے حکومت کی لازمی قرار دی گئی زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا، جبکہ بعض مقامات پر مبینہ خلاف ورزیوں کے باوجود مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔شہریوں اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سیاہ دھواں فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہا ہے ، جس کے نتیجے میں دمہ، سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں، آنکھوں میں جلن اور گلے کی تکالیف میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

ماہرین کے مطابق بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو اس آلودگی سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے مؤثر نگرانی اور بلاامتیاز کارروائی نہ ہونے کے باعث آلودگی پھیلانے والے عناصر بے خوف ہو کر قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت اینٹی سموگ مہم کے تحت زیگ زیگ ٹیکنالوجی کے فروغ، بھٹہ جات کی نگرانی اور ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے دعوے کرتی رہی ہے ، تاہم شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاہ دھواں خارج کرنے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول میسر آ سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...