پارکو لائن سے تیل چوری ،اشتہاری زخمی حالت میں گرفتار
ملزم تیل چوری سمیت 14 سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ اشتہاری ہے
گڑھ مہاراجہ (نمائندہ دنیا )تھانہ احمد پور سیال کے علاقہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پارکو پائپ لائن سے تیل چوری سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب بدنام زمانہ مبینہ چور اور مجرم اشتہاری کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔ بنگلہ یاسمین کے قریب تین مشکوک موٹرسائیکل سوار افراد نے مبینہ طور پر پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق تعاقب کے دوران ایک ملزم موٹرسائیکل سمیت پول سے ٹکرا کر زخمی ہوگیا، جسے پستول سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت نبیل الرحمن کے نام سے ہوئی ہے ، جو پولیس ریکارڈ کے مطابق پارکو پائپ لائن سے تیل چوری سمیت 14 سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ اور مجرم اشتہاری ہے ۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے کہا کہ پارکو پائپ لائن قومی اثاثہ ہے اور اس کی حفاظت پولیس کی ذمہ داری ہے ، اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments