گوجرہ : فنڈز کی عدم دستیابی، ترقیاتی کام بند، شہریوں کو مشکلات
سیوریج لائنیں بچھانے کے دوران گلیوں میں بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے
گوجرہ (نمائندہ دنیا)مختلف علاقوں میں فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ترقیاتی کام روک دیے گئے ، جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ سیوریج لائنیں بچھانے اور گلیوں میں ٹف ٹائل لگانے کے لیے ٹھیکے دیے گئے تھے ، جن پر ٹھیکیداروں نے کام بھی شروع کر دیا تھا۔ سیوریج لائنیں بچھانے کے دوران گلیوں میں بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ، جس سے شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہو گیا۔ تاہم اچانک ترقیاتی کام روک دیے گئے اور ٹف ٹائلیں لگانے کا کام بھی ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ترقیاتی کاموں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ہلکی سی بارش کے بعد گلیوں میں پانی جمع ہو جاتا ہے ، جس سے آمدورفت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ تعفن پھیلنے لگا ہے ۔ محلہ حسنیہ کالونی، جمیل پارک، مغل پورہ اور آفتاب ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام رکنے سے اہل علاقہ پریشان ہیں۔عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر ماہم آصف سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی کاموں کی بندش کا فوری نوٹس لیا جائے ، فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ادھورے منصوبوں کو جلد مکمل کروا کر شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments