سلامتی کونسل کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، حقِ دفاع کی توثیق
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کے حقِ دفاع کی توثیق کر دی۔
سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان نے متفقہ بیان میں سعودی عرب کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
بیان میں سعودی ہوائی اڈوں اور سعودی آرامکو کی تنصیبات پر حوثی حملوں کی بھی مذمت کی گئی، فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب پر حملوں میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے۔
سلامتی کونسل نے بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں تجارتی جہازوں کو حوثیوں کی جانب سے دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جہاز رانی کی آزادی اور بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام پر زور دیا۔
کونسل نے حوثیوں کو اسلحہ، مالی وسائل اور تکنیکی معاونت کی فراہمی روکنے کا مطالبہ بھی کیا، بیان میں یمن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کے ساتھ سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سلامتی کونسل کے اس متفقہ مؤقف میں سعودی عرب پر حملوں کی مذمت، علاقائی سلامتی کے تحفظ اور بحیرہ احمر میں آزادانہ جہاز رانی یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments