بھارت میں جنگی مشق کے دوران 2 فوجی ٹینک تلے کچلے گئے
ہسار: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست ہریانہ کے ضلع ہسار میں معمول کی فوجی مشق کے دوران ایک ٹینک حادثاتی طور پر دو بھارتی فوجی اہلکاروں پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ حادثہ ضلع ہسار کے گاؤں بھوجراج کے نواحی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب تقریباً 32 ٹینک معمول کی جنگی مشق میں حصہ لے رہے تھے اور چند اہلکار زمین پر مختلف مورچوں پر تعینات تھے۔
ہسار پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ قطار میں چلتے ہوئے ٹینکوں کی نقل و حرکت کے باعث دھول اور گرد کا شدید غبار اٹھنے سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق کم حد نگاہ کے باعث ایک ٹینک کا ڈرائیور زمین پر ایک پوزیشن پر تعینات دو اہلکاروں کو دیکھ نہ سکا اور ٹینک ان پر چڑھ گیا۔
ہلاک ہونے والے دونوں اہلکاروں کی شناخت اتر پردیش کے ضلع شاملی کے رہائشی نائیک منیش کمار اور اسی ریاست کے ضلع بدایوں سے تعلق رکھنے والے نائیک انکش کمار کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق حادثے میں دونوں فوجیوں کو شدید چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر ہسار کے ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع سینئر فوجی افسران کو دے دی گئی ہے اور دونوں اہلکاروں کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
فوجی اور پولیس حکام کی جانب سے حادثے کے اسباب اور حالات کا جائزہ لینے کے لیے مزید قانونی و دفتری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments