صوبوں کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل
اسلام آباد: (عدیل وڑائچ) نئے صوبوں کا معاملہ اہم ترین مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، وہ باتیں جو پس پردہ یا ڈرائنگ رومز میں موضوع بحث تھیں اب پبلک ڈومین میں آ چکی ہیں، اہم ترین فریقین نے اپنے پتے شو کر دیئے ہیں، بلکہ کھل کر میدان میں آ چکے ہیں۔ اب آر یا پار کا مرحلہ آن پہنچا ہے۔
وفاقی حکومت نے نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کا عندیہ دے دیا ہے، اس حوالے سے تیاریاں بھی ہوتی دکھائی دے رہی ہیں، سب سے پہلے وزیر داخلہ محسن نقوی نے چند روز قبل تجویز دی تھی کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ ریفرنڈم کے ذریعے ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں ہیں تو ان کا قیام عمل میں لانا چاہئے بصورت دیگر نہیں، انہوں نے کہا کہ بہترین حل یہ ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے معلوم کی جائے۔
اس کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بھی کہہ دیا ہے کہ صوبوں کے معاملے میں ریفرنڈم میں کیا حرج ہے، ریفرنڈم آئین کا حصہ ہے، عطا تارڑ نے کہا کہ عوام کی مرضی جانے بغیر آپ فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں؟ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کو تو چند ہفتوں میں ہی نظام تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں نئے سال میں نیا نظام آئے گا، ایک دو ہفتوں میں تمام خدشات اتفاق رائے میں تبدیل ہو جائیں گے، رواں سال کے آخر تک نئے نظام کی شکل سامنے آ جائے گی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئے انتظامی یونٹس کے منصوبے پر خاصی پیشرفت ہو چکی ہے۔
حکومت ابھی نئے صوبوں کے حق میں بولنا شروع ہی ہوئی تھی کہ بلاول بھٹو ملکی سیاست میں بھونچال لے آئے اور طبل جنگ بجا دیا، پاکستان پیپلز پارٹی اگرچہ گزشتہ کئی مہینوں سے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے حوالے سے اپنا مؤقف عوام اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے سامنے رکھ رہی ہے مگر منگل کے روز بلاول بھٹو کی جانب سے نہ صرف سندھ کی تقسیم پر کھل کر ردعمل دیا گیا بلکہ موجودہ حکومتی سیٹ اپ میں ہونے والے آئینی اقدامات کو بھی متنازع بنایا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کی زبردستی تقسیم پر کراچی میں خون بہے گا، زور زبردستی پر عام لوگ ہتھیار اٹھائیں گے، بھائی بھائی کو قتل کرے گا، یہ تو وہ تنبیہ تھی جو بلاول بھٹو نے پہلی مرتبہ اس انداز میں کی مگر ساتھ ہی انہوں نے ستائیسویں آئینی ترمیم کو بھی ٹارگٹ کیا، انہوں نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم جبری اکثریت سے منظور کروائی گئی حالانکہ بلاول بھٹو کے پرانے بیانات ستائیسویں آئینی ترمیم کے حق میں ہی نظر آئے بلکہ انہوں نے ستائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کے دوران خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکبادیں بھی دی تھیں۔ جس ترمیم کو بلاول گزشتہ برس زبردست قرار دے رہے تھے اسے اب زور زبردستی قرار دے رہے ہیں، خود پاکستان پیپلز پارٹی ستائیسویں آئینی ترمیم کی بینفشری تھی جس میں صدر آصف علی زرداری کو بطور صدر فوجداری مقدمات سے تاحیات استثنیٰ ملا۔
صرف یہی نہیں بلکہ بلاول بھٹو پہلی مرتبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حمایت میں کھل کر کھڑے ہوئے، انہوں نے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، سابق وزیر اعظم کو رہا کرنا پڑے گا اور ان کی مخصوص نشستیں بھی واپس کرنا ہوں گی، بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، انتقامی کارروائیاں بند کرنا ہوں گی، انہوں نے حکومت کو یاد دلایا کہ فضل الرحمان کے پی ڈی ایم میں کردار کی وجہ سے آپ کرسی پر ہیں، فضل الرحمن کے ساتھ حکومتی رویہ افسوسناک قرار دیا۔
بلاول کی سٹرائیک کے بعد تو حکومت نے توپوں کے رخ ان کی جانب کر لئے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے بھی اور اپوزیشن کا کردار پیپلز پارٹی کا دہرا معیار ہے، صوبوں کے معاملے میں خون بہانے کی بات سمجھ سے باہر ہے، عوام چاہتے ہیں تو صوبے بنا دیئے جائیں، پیپلز پارٹی نے نیب میں اصلاحات خود کیں اور اسی کو مورد الزام ٹھہرایا جا رہا ہے، بلاول بھٹو کے بیانات اور ان کا انداز موجودہ رجیم میں پہلا بڑا جمہوری اختلاف ہے۔
بلاول بھٹو یہ طے کر چکے ہیں کہ سندھ کو مزید صوبوں میں تقسیم کرنے سے روکنے کیلئے اب ان کی جماعت کو کھل کر سامنے آنا ہے چاہے اس کیلئے انہیں اس کی بڑی قیمت ہی کیوں نہ چکانی پڑے، شاید یہی وجہ ہے کہ وہ سیاسی انتقام پر کھل کر بات کرنے لگے ہیں اور اشارہ دے رہے ہیں کہ اگر انہیں دیوار سے لگایا گیا تو وہ ستائیسویں ترمیم سمیت بہت سے اقدامات کو متنازع بنا دیں گے، وہ بظاہر بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمن کے حق میں آ کر نہ صرف اس معاملے میں دو اہم ترین سیاسی جماعتوں کی سپورٹ حاصل کرنا چاہ رہے ہیں بلکہ حکومت کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کو خدشہ ہے کہ سندھ تقسیم ہوا تو ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا، پیپلز پارٹی نے تو صوبوں کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کر دیا مگر (ن) لیگ کا طرز عمل بڑا حیران کن ہے، مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کھل کر نئے صوبوں کے حق میں سامنے آتی دکھائی دے رہی ہے اور نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کی حمایت کر رہی ہے۔
اگرچہ اس حوالے سے میاں نواز شریف اور مریم نواز کا کیمپ ابھی خاموش ہے مگر مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزرا صوبوں کی مخالفت پر بلاول بھٹو اور ان کی جماعت کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں، کیا واقعی (ن) لیگ نئے صوبوں کے قیام کی حمایتی ہے؟ دراصل مسلم لیگ (ن) کو نظر آرہا ہے کہ بلاول اس معاملے میں مزاحمت کر کے جو کام کر رہے ہیں، حکمران جماعت کو نئے صوبوں کی مخالفت کر کے اپنے لئے سیاسی مسائل پیدا کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ کیونکہ پیپلز پارٹی کے بغیر نئے صوبوں کا قیام بظاہر ممکن دکھائی نہیں دیتا۔
بہرحال صوبوں کے معاملے پر آنے والے ہفتوں میں ریفرنڈم تو ہوتا دکھائی دے رہا ہے، آئین کے آرٹیکل48(6) کے تحت اگر وزیراعظم کسی بھی وقت قومی اہمیت کے کسی بھی معاملے میں ریفرنڈم کا انعقاد ضروری سمجھیں تو وہ معاملے کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے کریں گے، اس آرٹیکل کے مطابق اگر یہ مشترکہ اجلاس میں منظور ہوتا ہے تو وزیراعظم اس معاملے کو ایسے سوال کی شکل میں جس کا جواب یا تو ہاں یا نہیں میں دیا جا سکتا ہے، ریفرنڈم کے حوالے کرنے کا حکم دے سکتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ اگر ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ آگیا توعوام رائے کی صورت میں ایک سیاسی دباؤ ضرور بڑھے گا مگر آئین میں ترمیم کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی ضرورت پھر بھی رہے گی، ایسے میں آنے والے دنوں میں سیاسی منظر نامہ دلچسپ صورتحال اختیار کرنا دکھائی دے رہا ہے۔