نئے ارینجمنٹ کی بازگشت
اسلام آباد: (عدیل وڑائچ) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے کرپشن الزامات، مریم نواز اور خواجہ آصف کے متبادل انتظام کے خدشات اور سخت ردعمل نے پنجاب کی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، کیا یہ محض حکومتی اتحادیوں کے درمیان اختلافات ہیں یا پس پردہ کسی بڑے سیاسی و انتظامی بندوبست کی کوشش کی جا رہی ہے؟
پاکستان کی سیاست میں بعض اوقات ایک جملہ کئی سیاسی سوالات کو جنم دیتا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اگلی سیاسی ارینجمنٹ کی تیاری کرنے والوں کا ذکر بھی ایسا ہی ایک بیان ہے جس نے پنجاب کی حکومتی سیاست میں جاری اختلافات کو ایک نئے تناظر میں لا کھڑا کیا ہے۔
یہ معاملہ بظاہر پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات سے شروع ہوا تھا مگر وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے متبادل نظام کی بات نے اس تنازعے کو ایک نیا رخ دے دیا، اب سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ پنجاب میں موجودہ سیاسی انتظام کو کمزور کر کے کسی نئی ٹیم یا متبادل حکومتی سیٹ اپ کیلئے جگہ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے؟ کوئی اسے نئے صوبوں سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے تو کوئی خیبر پختونخوا کی طرز پر ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ جیسی تشریح کر رہا ہے۔
اس سیاسی تنازعے کی ابتدا وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین کے ایک بیان سے ہوئی، انہوں نے پنجاب میں مبینہ کرپشن سے متعلق الزامات لگائے، ان کے بیان کے چند ہی گھنٹوں بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران سالک حسین کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سالک حسین کو آڑے ہاتھوں لینے کے بعد اس معاملے کو ہائپ ملی اور ہر نئے دن اس میں شدت آنے لگی، اس معاملے نے اس وقت زیادہ اہمیت اختیار کر لی جب وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کو بدنام کرنے کی کوششیں کسی ممکنہ متبادل سیاسی انتظام کی تیاری کا حصہ ہو سکتی ہیں۔
خواجہ آصف کے مطابق بعض عناصر موجودہ سیاسی قیادت کو بدنام کر کے ایک نئی ٹیم سامنے لانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں دعویٰ کیا کہ بعض افراد گزشتہ چھ سے آٹھ ماہ سے کسی ممکنہ سیاسی بحران کے تناظر میں سرگرم ہیں، دس نومبر کو جہلم میں ہونہار سکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بھی اگلے ارینجمنٹ کی بات کرتے ہوئے ان عناصر پر تنقید کی جو اُن کے بقول آئندہ سیاسی بندوبست کے لیے اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کرپشن کے الزامات لگانے والے وزرا کو چیلنج کیا کہ اگر انہیں پنجاب حکومت کے معاملات پر اعتراض ہے تو وہ کابینہ میں کیوں بیٹھے ہیں، استعفیٰ دے کر گھر کیوں نہیں چلے جاتے؟
اس پر چوہدری سالک حسین نے جواب دیا کہ جب (ن) لیگ کے ساتھ سیٹلمنٹ ہو رہی تھی تو اس میں مریم نواز موجود نہیں تھیں ، ان کا اتحاد وزیر اعظم کے ساتھ ہے، اگر وہ کہیں گے تو وہ کابینہ چھوڑ دیں گے، سالک حسین کے بھائی شافع حسین مریم نواز کابینہ میں وزیر ہیں، انہوں نے اپنے حالیہ بیان میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری سالک حسین ایک خود مختار شخصیت ہیں اور انہیں آزادانہ رائے رکھنے کا حق حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ سالک حسین نے نہ تو وزیر اعلیٰ پنجاب کا نام لیا نہ ہی پنجاب حکومت کا کوئی ذکر کیا۔
انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ سالک حسین کا اشارہ در اصل حکومتی نظام یا ماضی میں موجود کسی بدعنوانی کی جانب تھا، دراصل چوہدری شافع حسین نہیں چاہتے کہ اس سیاسی لڑائی میں ان کی وزارت کو کوئی نقصان پہنچے، مریم نواز کی جانب سے بھی شافع حسین کو کابینہ سے نکالنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا گیا۔
کیا یہ لڑائی واقعی کسی بڑی تبدیلی کے منصوبے کے تحت شروع ہوئی یا وجہ کوئی اور ہے؟ اصل معاملہ یہ ہے کہ رواں سال جولائی میں پنجاب بھر میں بیوروکریسی کے معاملات مریم نواز نے مکمل طور پر خود دیکھنے شروع کئے اور پنجاب بھر کی طرح گجرات میں بھی ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنر تبدیل ہوئے، (ن) لیگ کی اعلیٰ قیادت نے 8 فروری 2024ء کے انتخابات کے بعد اڑھائی سال تک اپنی اتحادی جماعت (ق) لیگ کی وجہ سے اہم فیصلوں میں اپنے مقامی پارٹی رہنماؤں کو نظر انداز کیا مگر چوہدریوں کے سیاسی حریف، (ن) لیگ کے رہنما چوہدری عابد رضا نے پارٹی رویے کے باجود چوہدری خاندان کے خلاف اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔
جولائی 2026ء سے پنجاب حکومت نے گجرات میں چوہدری عابد رضا کو بیورو کریسی کے تقررو تبادلوں اور دیگر سیاسی معاملات میں اعتماد میں لینا شروع کیا، اس کے بعد آنے والے افسران نے چوہدری خاندان کی پہلے جیسی دیکھ بھال کرنے کی بجائے نئی ترجیحات کے مطابق کام کرنا شروع کیا، چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین نے اس کے بعد آنے والے ڈی پی اوز اور ڈی سی اوز کی تبدیلی پر اعتماد میں نہ لیے جانے پر بے چینی کا اظہار کیا اور پھر ایک ٹی وی انٹرویو کے ذریعے دیا گیا بیان ایک نیا رخ اختیار کر گیا۔
لڑائی کی وجہ تو سامنے آچکی مگر یہ نئے ارینجمنٹ کی کہانی کیا ہے؟ (ن) لیگ یہ سمجھتی ہے کہ چوہدری سالک حسین کسی کے اشارے پر پنجاب حکومت کو ڈس کریڈٹ کرنا چاہتے ہیں، (ن) لیگ میں یہ چہ مگوئیاں بھی ہو رہی ہیں کہ مستقبل میں کسی نئے سیٹ اپ یا ارینجمنٹ پر پس پردہ کام ہو رہا ہے، (ن) لیگ کے کچھ لوگ اسے نئے صوبوں سے متعلق زور پکڑنے والی بحث سے جوڑ رہے ہیں۔
حکمران جماعت کے کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ چوہدری سالک حسین شاید کچھ طاقتور شخصیات کی ایما پر ایسی بات کر رہے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ خود چوہدری سالک حسین کو بھی معلوم نہیں تھا کہ یہ معاملہ اس نہج تک پہنچ جائے گا، وہ صرف پنجاب حکومت کو پنجاب میں افسران کے تقرر و تبادلوں کے معاملے پر دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے تھے مگر (ن) لیگ کے ردعمل کے باعث لڑائی بڑھ گئی۔
دوسری جانب اگلے ارینجمنٹ کے حوالے سے بات کی جائے تو (ن) لیگ کی حکومت کے مقتدرہ کے ساتھ ایسے کوئی اختلافات نہیں کہ جس کی بنیاد پر کوئی حکومت گھر جا سکتی ہے، وفاق میں شہباز شریف اور پنجاب میں مریم نواز حکومت کا فی الوقت ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے جس کی بنیاد پر ان کی حکومت کو کوئی خطرہ ہو، البتہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے آئندہ چند ماہ میں بحث دوبارہ زور پکڑے گی، جو خیبرپختونخوا کی صورتحال کے باعث کچھ سست روی کا شکار ہو چکی ہے۔ 28 ویں ترمیم یا نئے صوبوں کی بحث کا دوبارہ زور پکڑنا آنے والے مہینوں میں سیاست میں ارتعاش ضرور لائے گا۔