تازہ اسپیشل فیچر

علامہ محمد اقبالؒ : شاعرِ ملتِ اسلامیہ

لاہور: (پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین) علامہ اقبالؒ ملتِ اسلامیہ کے نباض شاعر تھے اور ان کے کلام میں جس دردمندی کے ساتھ مسائلِ مِلّی زیر بحث آئے ہیں، اس کی دوسری کوئی مثال شعرائے عالمِ اسلام میں دکھائی نہیں دیتی، انہوں نے نہ صرف فرد کی ذات کے استحکام و سربلندی کیلئے خودی، عشق اور فقر جیسے تصورات پیش کیے، وہیں ملتِ اسلامیہ کے ساتھ اس کی تمام تر تمناؤں کو منسلک کرنے کے عمل کو لازمی قرار دیا۔

وہ اس حقیقت سے آشنا تھے کہ عہدِ حاضر کے مُسلمان منزل سے بھٹک گئے ہیں، لہٰذا ان کو درست راستے پر گامزن کرنا وقت کا تقاضا ہے، یہ کوشش وہ بالخصوص اپنی شاعری کے وسیلے سے تمام عمر کرتے رہے، کبھی براہِ راست اُسلوب میں تو کہیں استعاراتی و علامتی پردوں میں، کبھی دعائیہ و فجائیہ رنگ میں تو کہیں تنبیہی و تاکیدی انداز میں، لیکن مقصدِ اوّلیں یہی رہا کہ بھٹکے ہوئے آہو (مسلمان) کو سُوئے حرم متوجہ کیا جائے۔

’آہو‘ کی رمز ان کے بنیادی علائم کا حصہ اُسی طرح بنی ہے جیسے وہ شاہین، لالہ، پروانہ و جگنو، نَے، خونِ جگر اور ساقی جیسی علامتوں کو فرد کی اصلاحِ احوال کیلئے برتتے ہیں، ’آہو‘ کی وساطت سے انہوں نے اپنے کلام میں بے مثل معنویت پیدا کی ہے، یہ رمز ان کے داخلی احساسات کی ترجمان ہے اور اس کے ذریعے فرد اور ملت کو درپیش مسائل کو عصرِ حاضر کے تناظرمیں اجاگر کیا گیا ہے۔

اقبالؒ نے آزادانہ زندگی، بے نیازی اور ہوشیاری کے اوصاف کے پیش نظر فرد کیلئے یہ علامت اختیار کی، خاص طور پر ’نافۂ آہو‘ کو وہ فرد کی روحانی و باطنی صفات سے منسوب کر کے عمدہ معانی کا حصول کر گئے ہیں، اقبالؒ نے چونکہ تہذیبِ حجازی کی بازیافت کیلئے اکثر مقامات پر صحرائے عرب کے استعارے برتے ہیں، لہٰذا اسی نسبت سے انھوں نے صحرا کی وسعتوں سے وابستہ ایک چوکس اور فعال کردار ’آہو‘ کو مردِ مومن کیلئے بطور علامت اپنایا۔

اس تناظر میں کہیں ’آہو‘ ماضی کے مسلمانوں کی روشن علامت میں ڈھل جاتا ہے، تو کہیں عہدِ حاضر میں تحرک و عمل سے عاری افراد کے داخلی اضطراب، ذہنی کرب ،بے چینی اور جابجا بھٹکتے پھرنے کا استعارہ ہے، جو اقبالؒ کے بقول خود ناشناسی کے باعث ’بے نافہ‘ (صلاحیتوں سے عاری) ہیں، اہم بات یہ ہے کہ اقبالؒ کا رجائیت پر مبنی زاویۂ نظر اس ’بھٹکے ہوئے آہو‘ کو ’سوئے حرم‘ لے جانے کی تمنّائوں سے عبارت رہا۔

وہ جابجا رجائی لب و لہجے میں برسے ہوئے بادل(گذشتہ تابناک ماضی) میں بجلیوں کو خوابیدہ (یعی آثارِ عمل) دیکھتے ہوئے اپنے صحرا (ملتِ اسلامیہ) میں پوشیدہ ایسے آہوؤں (مسلمانوں) کا سراغ دیتے ہیں جو اس کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے، وہ دعائیہ و رجائیہ دونوں انداز اپناتے ہوئے اپنے تصورات و نظریات کا ابلاغ کرتے ہیں، اقبالؒ کہیں بھی مایوس دکھائی نہیں دیتے اور جابجا ایسی آرزوئیں اور تمنائیں ان کے شعرپاروں میں دکھائی دیتی ہیں، جیسے:

بھٹکے ہوئے آہُو کو پھر سُوئے حرم لے چل

اس شہر کے خُوگر کو پھر وسعتِ صحرا دے

………

اپنے صحرا میں بہت آہُو ابھی پوشیدہ ہیں

بجلیاں برسے ہُوئے بادل میں بھی پوشیدہ ہیں

………

آج بھی اس دیس میں عام ہے چشمِ غزال

اور نگاہوں کے تیر آج بھی ہیں دلنشیں

………

اقبالؒ سمجھتے ہیں کہ ہر زمانے میں حق و باطل کا معرکۂ کہن جاری و ساری رہتا ہے، ضرورت صرف یہ ہے کہ نجد کے دشت و جبل میں (یعنی ملّتِ حجازی) ’رمِ آہو‘ (مردِ مسلمان کا تحرک و عمل) جاری و ساری رہے اور کسی بھی صورت افرادِ ملت مایوس ہو کر راہِ ابلیس اختیار نہ کر لیں کہ یہ شیوۂ مردِ مومن نہیں، اقبالؒ کے نزدیک ایسا اُسی صورت میں ہو سکتا ہے کہ عشقِ مصطفیﷺ اختیار کیا جائے کہ عشق اپنی تمام تر انتہا میں ’مصطفویؐ ہو جانے اور ’بولہبی‘ سے گریز کا دوسرا نام ہے۔

یہی وجہ ہے کہ علامہ مردِ مومن کو ایسے ’’غزالِ تاتاری‘ کے روپ میں دیکھنے کے خواہاں ہیں جو زمانہ امن و صلح میں تو غزالِ رعنا(حسین و جمیل آہو) کے پیکر میں نمود کرتا ہی ہے، مگر زمانۂ جنگ میں ’’شیران غاب‘‘ (کچھار میں بیٹھنے والے شیر) سے بڑھ کر للکارتا اور غرّاتا نظر آتا ہے، گویا مومن حلقۂ یاراں میں ابریشم کی طرح نرم مزاج اور عاجز ہوتا ہے لیکن رزمِ حق و باطل میں صورتِ فولاد نمود کرتا ہے، اقبالؒ فرماتے ہیں:

اگر ہو جنگ تو شیرانِ غاب سے بڑھ کر

اگر ہو صلح تو رعنا غزالِ تاتاری

کمال کی بات تو یہ ہے کہ اقبالؒ مجاہدانہ حرارت کے نتیجے میں پیش آنے والی قیدوبند کی اذیت، دقت اور صعوبت کو بھی سراہتے ہیں کہ ان کے نزدیک اس کے بعد فرد ’مشکِ اذفر‘ (تیز خوشبو) سے فیض یاب ہوتا ہے، اقبال تحرک و عمل کے داعی ہیں اور ان کے نقطہ نظر کی رو سے صحرائے ملتِ اسلامیہ میں ’’آہُوئے تاتاری‘ (باصلاحیت مسلمان) کا سراغ ظن و تخمین سے نہیں بلکہ ’مشامِ تیز‘ (محنت شاقہ) سے مل سکتا ہے، فرماتے ہیں:

مشکِ اذفر چیز کیا ہے، اک لہو کی بند ہے

مُشک بن جاتی ہے ہو کر نافۂ آہوُ میں بند

مشامِ تیز سے ملتا ہے صحرا میں نشاں اس کا

ظن و تخمیں سے ہاتھ آتا نہیں آہُوئے تاتاری

اقبالؒ کے مطابق مسلمان کی شان خُوئے غلامی سے نجات میں پنہاں ہے، چنانچہ بعض مقامات پر ’رمِ آہو‘ تحرک و عمل کے کنائے کے بجائے بزدلی اور کم ہمتی کا استعارہ بن گیا ہے، جیسے وہ ’’ضربِ کلیم‘‘ میں اہلِ مغرب کی استعماریت کے تناظر میں مسلمان کی حالت بیان کرتے ہوئے ، یہ انداز اپناتے ہیں:

بہتر ہے کہ شیروں کو سکھا دیں رمِ آہُو

باقی نہ رہے شیر کی شیری کا فسانہ

یاد رہے کہ ’آہوئے تاتاری‘ یا ’غزالِ تاتاری‘ کے ساتھ ساتھ علامہ نے ’آہوئے مشکیں‘ (سیاہ ہرن) کے تذکرے سے بھی اپنے کمال کی علامتی معنویت کو گہرا کیا ہے اور اس کی وساطت سے ان کے کلام میں عجیب و غریب معنی آفرینی ملتی ہے، مثلاً ایک مقام پر وہ ’مہدی‘ کو ’آہوئے مشکیں‘ قرار دے کر اس سے انقلاب اور اجتہاد مراد لیتے ہیں اور ان کے نزدیک افرادِ ملتِ اسلامیہ کی مہدی کے خیال سے بیزاری ان کے ختن (صحرائے عرب جو اس آہو کا مسکن ہے) کو اس نایاب اور نادر ہرن سے ناامید کر دے گی۔

اسی طرح وہ ’ختن‘ کو تہذیبِ حجازی اور ’آہُوئے مشکیں‘ کو فرد کی علامت ٹھہراتے ہوئے اپنی نظم ’’ابلیس کا فرمان اپنے سیاسی فرزندوں کے نام‘‘میں ابلیس کی زبانی یہ پیغام سُناتے ہیں کہ تمہاری کامیابی اسی میں ہے کہ اہلِ حرم سے ان کی روایات چھین لو اور یوں گویا ’آہو‘ کو ’مرغزارِ ختن‘ سے نکال دو، وہ یورپی اقوام کے تہذیبی بنجر بن کی جھلک دکھانے کیلئے بھی اس علامت کا استعمال کرتے ہیں اور یہ موقف پیش کرتے ہیں کہ اقوام مغرب کے تمام آہو (افراد) ’بے نافہ‘ (روحانی ثمرات سے عاری) ہیں، اسی لیے وہ آہوئے تاتاری (مردِ مسلمان)کو ’بے نافہ‘ دیکھنے کے تمنائی ہیں۔ ان حوالوں سے شعردیکھیے:

اے وہ کہ تو مہدی کے تخیل سے ہے بیزار

نومید نہ کر آہُوئے مشکیں سے ختن کو

………

اہلِ حرم سے ان کی روایات چھین لو

آہُو کو مرغزارِ ختن سے نکال دو

………

صیّادِ معانی کو یورپ سے ہے نومیدی

دل کش ہے فضا، لیکن بے نافہ تمام آہُو!

آج جبکہ علامہ اقبالؒ کی ولادت کے ڈیڑھ سو سال مکمل ہونے کو ہیں، مملکتِ پاکستان اور ملتِ اسلامیہ کے تناظر میں اقبالؒ کے ہاں ’آہوئے مسلم‘ کی معنویت کو دیکھیں تو آج اسے بے شمار آزمائشؤں کا سامنا ہے، آہُو اقبالؒ کا پیش کردہ محض شاعرانہ کردار نہیں بلکہ زندگی کے حقائق کا پروردہ تھا، اقبالؒ ایک مستقبل پسند شاعر تھے، ان کی شاعرانہ بصیرت کی روشنی میں آج درپیش مسائل کو جن میں امن عامہ، انصاف، سرمائے کی گردش اور مساوی تقسیم، تعلیم و تربیت، صفائی و پاکیزگی، اخلاقِ حسنہ، سماجی اصلاح و فلاح شامل ہیں، بطور احسن طریق حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

بغور دیکھیں تو آج اقوام متحدہ دنیا کیلئے جس پائیدارترقی (Sustainable Progress) کے منشور کی بات کر رہی ہے، اقبالؒ اپنے کلام کی صورت میں مہیا کر چکے تھے اور اقبالؒ کی فکرانگیز شاعری سے رہنمائی کے نتیجے میں جو دراصل قرآن حکیم ہی سے اخذ شدہ ہے، آہوئے ملت کو سُوئے حجاز گامزن کیا جا سکتا ہے۔ اسی لیے تو اقبالؒ نے فرمایا تھا:

نغمہ ام از زخمہ بی پرواستم

من نوائے شاعر فرداستم

………

کھول کر آنکھیں میرے آئینہ گفتار میں

آنے والے دور کی دھندلی سی اک تصویر دیکھ

………

سرودِ رفتہ باز آید کہ نآید

نسیمے از حجاز آید کہ نآید

سرآمد روزگارِ ایں فقیرے

دگر دانائے راز آید کہ نآید