آٹو پالیسی، ایل پی جی اور امریکی الیکشن کے معاشی اثرات

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری پالیسی 2026-31ء کے حتمی مسودے کی منظوری دے دی ہے۔ سرکاری ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آئی ایم ایف کی رضامندی حاصل کر لی گئی ہے۔ اس مسودے کو اب وفاقی کابینہ کے سامنے باضابطہ منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے ذریعے پاکستان کو گاڑیوں کی عالمی مارکیٹ میں متعارف کرایا جا سکتا ہے‘ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا صرف پالیسی بنانے سے گاڑیوں کی برآمدات بڑھ جائیں گی اور کیا صارفین کو بھی حقیقی ریلیف مل سکے گا؟ نئی پالیسی کے تحت پانچ سال میں 6.01 ارب ڈالر کی آٹو برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ ایک بڑا ہدف ہے‘ جس کیلئے پیداواری صلاحیت‘ ٹیکنالوجی اور عالمی معیار میں نمایاں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ نئی پالیسی میں بیٹری الیکٹرک گاڑیوں پر ایک فیصد‘ رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیوں پر چھ فیصد اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں پر نو فیصد سیلز ٹیکس کی تجاویز سامنے آئی ہیں جبکہ روایتی گاڑیوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس برقرار رکھنے کی بات کی گئی ہے۔ گاڑیوں کی بکنگ پر آن منی کم کرنے کیلئے کمپنیوں کو قیمت کا 20 فیصد سے زیادہ ایڈوانس وصول کرنے سے روکنے کی تجویز ہے۔ اگر یہ تجاویز نافذ ہوتی ہیں تو الیکٹرک گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہو سکتی ہے‘ تاہم درآمدی ڈیوٹی‘ روپے کی قدر اور بیٹری کی قیمت بھی اہم عوامل ہیں۔ اصل امتحان چھ ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کرنا نہیں بلکہ اسے حاصل کرنا ہے۔ نئی آٹو پالیسی صنعتی ترقی کا موقع بن سکتی ہے‘ لیکن کامیابی اسی وقت ہو گی جب برآمدات کے ساتھ مقامی پیداوار بڑھے‘ روزگار پیدا ہو اور گاڑیاں عام شہری کی قوتِ خرید کے مطابق دستیاب ہوں۔ بصورت دیگر صنعت کو مراعات ملتی رہیں گی اور صارفین ٹیکسوں کا بوجھ اٹھاتے رہیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت مڈٹرم الیکشن ہار گئی ہے۔ مڈٹرم انتخابات میں صدر تبدیل نہیں ہوتا‘ ٹرمپ اپنی چار سالہ مدت مکمل کرنے کیلئے وائٹ ہاؤس میں ہی رہیں گے لیکن کانگریس میں اکثریت تبدیل ہونے سے ان کی پالیسیوں پر قانون سازی اور نگرانی کے ذریعے دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ ٹرمپ کی تجارتی پالیسی اور مختلف ممالک پر اضافی محصولات عائد کرنے کی حکمت عملی نے عالمی تجارت میں غیر یقینی پیدا کی ہے۔ ڈیمو کریٹس کی کامیابی سے ان پالیسیوں پر کانگریس میں مزاحمت بڑھ سکتی ہے۔ انتخابات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں نے فوری ردعمل ظاہر کیا اور برینٹ خام تیل 8.7 فیصد کمی کے بعد 94.62 ڈالر فی بیرل پر آ گیا جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 8.3 فیصد گر کر 88.12 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ توقع ہے کہ ڈیمو کریٹک پارٹی کی اکثریت ٹرمپ کیلئے ایران کے خلاف فوجی کارروائی جاری رکھنے کو سیاسی طور پر مشکل بنا سکتی ہے جس کا فائدہ پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک ہو سکتا ہے۔ ہمارے لیے اس تبدیلی کا سب سے اہم پہلو امریکہ کے ساتھ تجارت ہے۔ امریکہ پاکستانی مصنوعات کی بڑی برآمدی منڈیوں میں شامل ہے اور ٹیکسٹائل و ملبوسات کے شعبے کیلئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ مالی سال 2025-26ء میں پاکستان کی امریکہ کو مجموعی برآمدات تقریباً 6.1 ارب ڈالر تھیںجبکہ امریکہ سے درآمدات تقریباً 3.3 ارب ڈالر تھیں۔ اس طرح پاکستان کو امریکہ کے ساتھ تجارت میں تقریباً 2.8 ارب ڈالر کا سرپلس رہا۔ ٹیکسٹائل برآمدات بھی اسی عرصے میں تقریباً 17.9 ارب ڈالر رہیں۔ ان اعداد وشمار سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ امریکی منڈی میں کسی بھی تجارتی تبدیلی کا برآمدات پر کتنا گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔ اگر کانگریس کی مزاحمت کے نتیجے میں ٹرمپ کی اضافی محصولات کی پالیسی میں نرمی یا نظرثانی کی گنجائش پیدا ہوتی ہے تو پاکستانی ٹیکسٹائل‘ ملبوسات‘ کھیلوں کے سامان‘ سرجیکل آلات اور دیگر مصنوعات کیلئے بہتر مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ لیکن صرف امریکی پالیسی کی تبدیلی کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ برآمدی لاگت کم کرنے‘ معیار بہتر بنانے اور نئی مصنوعات متعارف کرانے کیلئے بھی اقدامات کی ضرورت ہے۔
ملک میں ایل پی جی کا بحران اب صرف گیس کی قلت کا معاملہ نہیں رہا بلکہ یہ غیر شفاف تقسیم‘ بلیک مارکیٹنگ اور حکومتی پالیسی کی کامیابی کا امتحان بھی ہے۔ وفاقی کابینہ نے ایل پی جی کے نئے ڈی ریگولیٹڈ نظام کی منظوری دی ہے‘ جس کے تحت مقامی طور پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کا 90 فیصد نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا جبکہ 10 فیصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں فراہمی کیلئے سرکاری کمپنیوں کیلئے مختص ہو گا۔ بظاہر یہ ایک بڑی انتظامی تبدیلی ہے‘ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا نیلامی سے ایل پی جی سستی ہو جائے گی؟ اوگرا نے نومبر 2026ء کیلئے ایل پی جی کی سرکاری قیمت تقریباً 294 روپے فی کلو مقرر کی ہے‘ جس کے مطابق 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی قیمت تقریباً 3470 روپے ہے۔ لیکن ایران سے سپلائی متاثر ہونے کے بعد مختلف علاقوں میں 12 کلو کے سلنڈر کی قیمت تقریباً سات ہزار روپے تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ عوام سرکاری قیمت سے تقریباً ڈھائی گنا رقم ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ ملک میں ایل پی جی کی سالانہ طلب تقریباً 24 لاکھ ٹن ہے۔ اس کی روزانہ کھپت تقریباً سات ہزار ٹن اور مقامی پیداوار تقریباً دو سے ڈھائی ہزار ٹن ہے۔ اس حساب سے ملکی پیداوار مجموعی ضروریات کا صرف 30 فیصد پورا کر سکتی ہے جبکہ باقی تقریباً 70 فیصد ضروریات درآمدات سے پوری ہوتی ہیں۔ عالمی سطح پر ایل پی جی مہنگی ہونے سے قیمتوں میں اضافے کو کیسے روکا جائے گا؟ دوسری طرف نجی شعبے کے تحفظات بھی اہم ہیں۔ ایل پی جی مارکیٹرز ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ اصل مسئلہ مقامی پیداوار کی تقسیم سے زیادہ درآمدی سپلائی میں رکاوٹ ہے۔ اس کیلئے درآمدی ایل پی جی پر 19 فیصد سیلز ٹیکس‘ 5.5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس اور ٹرمینل و بندرگاہی اخراجات میں کمی کی تجاویز دی گئی ہیں۔ یہ بھی خدشہ ہے کہ نیلامی میں زیادہ مالی وسائل رکھنے والی کمپنیاں زیادہ بولی دے کر گیس حاصل کر سکتی ہیں اور اس اضافی لاگت کا بوجھ بالآخر صارفین پر ہی منتقل ہو گا۔
حالیہ دنوں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی نے عوام کے اندر ایک مرتبہ پھر امید پیدا کی ہے کہ شاید مہنگائی کے بوجھ میں کچھ کمی آ سکے۔ 6 نومبر سے پٹرول کی قیمت 9 روپے 41 پیسے کم ہوکر 352 روپے 59 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 5 روپے 56 پیسے کمی کے بعد 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔ اس کے بعد سات نومبر سے پٹرول مزید کم ہوکر 346 روپے اور ڈیزل 378 روپے فی لیٹر ہو گیا۔ یوں چند روز میں پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 31 روپے 91 پیسے اور ڈیزل میں 24 روپے 96 پیسے فی لیٹر کمی آئی ہے۔ اس سال 3 اپریل کو پٹرول کی قیمت 458 روپے 41 پیسے اور ڈیزل 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ موجودہ قیمتوں کا اس سطح سے موازنہ کیا جائے تو پٹرول تقریباً 112 روپے اور ڈیزل 142 روپے فی لیٹر سستا ہو چکا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس کمی سے عام آدمی کے گھر کا بجٹ بھی کم ہوا یا صرف پٹرول پمپ پر چند روپے کی بچت تک معاملہ محدود رہے گا؟ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی مہنگائی کم کرنے کا ایک موقع ضرور فراہم کرتی ہے‘ لیکن یہ موقع خودبخود عوامی ریلیف میں تبدیل نہیں ہو سکتا۔ اس کیلئے پالیسی اقدامات‘ کاروباری طبقے کی ذمہ داری اور مارکیٹ میں قیمتوں کی مؤثر نگرانی بھی ضروری ہے۔ عام آدمی کیلئے اصل خوشخبری پٹرول کا سستا ہونا نہیں بلکہ آٹا‘ گھی‘ دودھ‘ سبزیاں اور دیگر بنیادی ضروریات کا سستا ہونا ہے۔ اصل سوال یہی ہے کہ کیا پٹرول کی قیمت میں کمی کا اثر عام آدمی کے باورچی خانے تک پہنچے گا؟

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...