منرلز‘ پٹرولیم قیمتیں اور پاکستانی معیشت

وطنِ عزیز کے پاس قدرتی وسائل اور معاشی امکانات تو موجود ہیں لیکن انہیں قومی آمدنی‘ برآمدات اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت ابھی تک محدود ہے۔ کئی دہائیوں سے ملک ٹیکسٹائل‘ چاول‘ چمڑے اور چند دیگر روایتی شعبوں کی برآمدات پر انحصار کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف درآمدی بل‘ بیرونی قرضوں اور ڈالر کی کمی کا مسئلہ مسلسل موجود ہے۔ ایسے میں پاکستان کے معدنی ذخائر ایک ایسا موقع فراہم کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہو بلکہ ملک کی صنعتی بنیاد بھی مضبوط ہو سکے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں '' پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم‘‘ کے انعقاد نے عالمی توجہ حاصل کی ہے‘ جس میں 60سے زائد ممالک کے نمائندوں‘ بین الاقوامی سرمایہ کاروں‘ کان کنی کی کمپنیوں اور حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی ہے۔ اس فورم میں تقریباً 10ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے جبکہ 122اداروں نے اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی پیش کی۔ 13معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں میں معدنیات کی تلاش‘ جدید جیولوجیکل سروے‘ کان کنی‘ جدید ٹیکنالوجی اور معدنیات کی پروسیسنگ جیسے شعبے سرفہرست ہیں۔ بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے نئے ذخائر کی دریافت سے متعلق اعلانات عالمی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ Ivanhoe Mines، Weir اور Trafigura جیسی بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی سرمایہ کاری‘ معدنی تجارت اور جدید کان کنی کے امکانات پر بات چیت کی۔ کینیڈا کی بڑی کان کنی کمپنی‘ بیرک مائننگ نے کراچی اور گوادر میں معدنیات کی پروسیسنگ کی صنعتوں کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اگر یہ منصوبے عملی شکل اختیار کرتے ہیں تو ملک کو صرف معدنیات نکالنے کے بجائے ان کی ویلیو ایڈیشن کا موقع بھی مل سکتا ہے۔ اس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معدنی منصوبوں اور ان سے وابستہ افراد کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ اعلانات اہم ہیں لیکن سرمایہ کاروں کو اصل پیغام عملی نتائج سے ملے گا۔ 13معاہدوں پر دستخط اپنی جگہ ایک اہم پیشرفت ہیں مگر یہ جاننا بھی ضروری ہوگا کہ ان معاہدوں میں کتنی حقیقی سرمایہ کاری شامل ہے‘ کتنے منصوبوں کی فزیبلٹی مکمل ہو گی اور کتنے منصوبے پیداوار کے مرحلے تک پہنچیں گے۔
اُدھر ڈونلڈ ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کے امریکہ میں مڈٹرم انتخابات ہارنے اور نیتن یاہو کی جماعت کے اسرائیل میں اکثریت حاصل نہ کرپانے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے۔ اس امید کے ساتھ عالمی آئل مارکیٹس میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے مطابق رواں سال کی آخری سہ ماہی میں عالمی منڈی ایک مرتبہ پھر اضافی رسد کی صورتحال میں داخل ہو سکتی ہے۔ یہ تبدیلی اس لیے بھی اہم ہے کہ اس سے پہلے آئی ای اے نے اسی سہ ماہی میں تیل کی قلت کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ عالمی منڈی میں اس تبدیلی کے پیچھے دو بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں‘ پہلی وجہ مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی برآمدات کی بحالی ہے جبکہ دوسری وجہ زیادہ قیمتوں کے باعث عالمی طلب میں کمی ہے۔ 2026ء کے اختتام پر عالمی تیل کی طلب 27لاکھ بیرل یومیہ کم ہو کر 10کروڑ 23 لاکھ بیرل یومیہ رہنے کی توقع ہے۔ اس بدلتی ہوئی عالمی صورتحال سے پاکستان کو کتنا فائدہ پہنچ سکتا ہے؟ پاکستان کیلئے تیل کی قیمتوں میں کمی محض پٹرول سستا ہونے کا معاملہ نہیں بلکہ یہ براہِ راست زرمبادلہ‘ تجارتی خسارے‘ روپے کی قدر اور مہنگائی سے جڑا ہوا ہے۔ مالی سال 2025-26ء کے پہلے نو ماہ‘ یعنی جولائی سے مارچ کے دوران پاکستان نے تقریباً 138لاکھ ٹن پٹرولیم مصنوعات درآمد کیں‘ جن پر 8.9ارب ڈالر خرچ ہوئے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں درآمدی بل تقریباً 8.4ارب ڈالر تھا۔ یوں درآمدات کی مقدار میں 10.5فیصد‘ جبکہ درآمدی اخراجات میں 6.3فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اصل سوال یہ نہیں کہ عالمی منڈی میں روزانہ 17لاکھ بیرل اضافی تیل دستیاب ہونے جا رہا ہے بلکہ سوال یہ ہے کہ پاکستان اس معاشی موقع سے کتنا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی فراوانی پاکستان کیلئے درآمدی بل کم کرنے اور معیشت کو سہارا دینے کا موقع ضرور ہے لیکن اگر اسکا فائدہ صرف محصولات تک محدود رہا اور عوام کو ریلیف نہ ملا تو عالمی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستانی عوام کیلئے مہنگائی کا بوجھ کم ہونا مشکل ہے۔
دوسری جانب پاکستان اپنی برآمدات بڑھانے کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش میں ہے۔ مشرقِ وسطیٰ‘ یورپ اور امریکہ کی منڈیوں پر انحصار کم کرنے کیلئے افریقہ ایک اہم خطہ ثابت ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایتھوپیا کی وزیر تجارت یاسمین وہابریبی کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی ہے۔ دوطرفہ تجارت‘ ادویات کی برآمدات‘ تجارتی رکاوٹوں اور ایتھوپیا کی عالمی تجارتی تنظیم میں شمولیت کے حوالے سے معاملات طے پائے ہیں۔ لیکن تشویش اس بات پر زیادہ ہے کہ ایتھوپیا جیسے ملک سے بھی پاکستان کی درآمدات‘ برآمدات سے کہیں زیادہ ہیں۔ پاکستان ایتھوپیا کو سالانہ تقریباً سات لاکھ ڈالر کی مصنوعات برآمد کرتا ہے جبکہ ایتھوپیا سے پاکستان کی درآمدات تقریباً ایک کروڑ 91 لاکھ ڈالر ہیں۔ یعنی پاکستان کو ایتھوپیا کے ساتھ باہمی تجارت میں تقریباً ایک کروڑ 84 لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا ہے۔ یعنی ایک ایسی منڈی جس کی آبادی 13 کروڑ سے زیادہ ہے‘ وہاں پاکستان کی برآمدات ابھی ایک ملین ڈالر تک بھی نہیں پہنچ سکی ہیں جبکہ ایسے ممالک میں برآمدات کے سٹینڈرڈز بھی زیادہ سخت نہیں ہوتے۔ 13 کروڑ سے زیادہ آبادی والی منڈی میں پاکستانی برآمدات کا صرف سات لاکھ ڈالر ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کیلئے مواقع موجود ہیں‘ لیکن ان مواقع کو کاروبار میں تبدیل کرنے کیلئے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔
ملکی معیشت میں گزشتہ دو سال سے مالیاتی استحکام‘ بجٹ خسارے میں کمی اور بنیادی سرپلس کے حصول کو بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ ٹیکس وصولیوں میں اضافے‘ اخراجات پر کنٹرول اور مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے معیشت کو مستحکم کیا جا رہا ہے لیکن مالی سال 2026-27ء کی پہلی سہ ماہی کے اعدادوشمار ایک مختلف تصویر پیش کر رہے ہیں۔ جولائی سے ستمبر 2026ء کے دوران پاکستان کا مجموعی مالیاتی سرپلس گزشتہ سال کے مقابلے میں 40فیصد کم ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ حکومتی آمدنی میں کمی‘ قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں 23 فیصد اضافہ اور صوبائی سرپلس میں 23فیصد گراوٹ نے مالیاتی استحکام کے حوالے سے نئے سوالات پیدا کر دیے ہیں۔صوبائی حکومتوں کی مالی کارکردگی بھی تشویش کا باعث ہے۔ پہلی سہ ماہی میں چاروں صوبوں کا مجموعی نقد سرپلس تقریباً 600 ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 781 ارب روپے تھا‘ یعنی صوبائی سرپلس میں تقریباً 23 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ٹیکس وصولیوں میں کمی نہیں ہوئی بلکہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود مجموعی آمدنی میں کمی ہوئی ہے جس کی بنیادی وجہ نان ٹیکس ریونیو میں گراوٹ ہے۔ پہلی سہ ماہی میں نان ٹیکس آمدنی 3046ارب روپے سے کم ہو کر 2617ارب روپے رہ گئی ہے۔ سود کی ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا اور ترقیاتی اخراجات کیلئے مالی گنجائش محدود ہو رہی ہے۔ حکومت صرف بنیادی سرپلس کو بہتر کارکردگی کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ اصل کامیابی یہ نہیں کہ حکومت کاغذوں میں سرپلس دکھا دے بلکہ یہ ہے کہ ملک قرضوں کے بوجھ سے نکلے‘ معیشت میں نئی سرمایہ کاری آئے‘ روزگار بڑھے اور عوام کو بنیادی سہولتیں میسر ہوں۔ اگر مالیاتی نظم و ضبط معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں تبدیل نہیں ہوتا تو صرف سرپلس کے اعدادوشمار سے ملک کا معاشی مستقبل بدلنے کے امکانات کم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...