عالمی یوم طلبہ
لاہور: (محمد علی) ہر سال 17 نومبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ طلبہ (International Students' Day) منایا جاتا ہے، یہ دن طلبہ کی جدوجہد، قربانیوں، حقوق، آزادیِ اظہار اور تعلیم کی اہمیت کو تسلیم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔
دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ طلبہ نے نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ سماجی، سیاسی، معاشی اور قومی تبدیلیوں میں بھی بنیادی کردار ادا کیا ہے، کسی بھی قوم کی ترقی کا جائزہ لینا ہو تو اس کے تعلیمی اداروں، طلبہ کی صلاحیتوں اور نوجوان نسل کے کردار کو دیکھنا ضروری ہے، ہمارے ملک کیلئے اس دن کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے جہاں نوجوان آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں اور ملک کا مستقبل بڑی حد تک ان کی تعلیم، تربیت، کردار اور صلاحیتوں سے وابستہ ہے۔
تاریخی پس منظر
عالمی یومِ طلبہ کی تاریخ 17 نومبر 1939ء سے جڑی ہوئی ہے، اس زمانے میں چیکو سلواکیہ پر نازی جرمنی کا قبضہ تھا، 28 اکتوبر 1939ء کو طلبہ اور شہریوں نے جرمن قبضے کے خلاف احتجاج کیا، اس دوران ایک طالب علم جان اوپلیٹل زخمی ہوا جو بعد ازاں انتقال کر گیا، اس کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور یہ اجتماع بھی احتجاج کی شکل اختیار کر گیا۔
اس کے ردعمل میں 17 نومبر 1939ء کو نازی حکومت نے پراگ کی جامعات بند کر دیں، 9 طلبہ رہنماؤں کو قتل کر دیا اور ایک ہزار سے زائد طلبہ کو گرفتار کر کے حراستی کیمپوں میں بھیج دیا، طلبہ کی اس قربانی اور جدوجہد کی یاد میں 17 نومبر کو عالمی یومِ طلبہ کے طور پر منایا جانے لگا۔
پاکستان میں عالمی یومِ طلبہ کی اہمیت
پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوان نسل ملکی آبادی میں سب سے زیادہ ہیں، ہمارے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم لاکھوں طلبہ ملک کے مستقبل کے معمار ہیں، یہی طلبہ کل ڈاکٹر، انجینئر، اساتذہ، سائنسدان، کاروباری شخصیات، افسران، سیاستدان اور مختلف شعبوں کے رہنما بنیں گے، پاکستان کے تناظر میں عالمی یومِ طلبہ ہمیں یہ سوچنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ کیا ہم اپنے طلبہ کو وہ تعلیمی ماحول، مواقع اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں جن کے وہ مستحق ہیں؟ کیا ہمارا تعلیمی نظام انہیں صرف امتحانات پاس کرنے کے قابل بنا رہا ہے یا انہیں عملی زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی تیار کر رہا ہے؟
طلبہ کے حقوق اور تعلیمی ماحول
طلبہ کسی بھی معاشرے کا اہم ترین اثاثہ ہوتے ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ ریاست، تعلیمی اداروں، اساتذہ اور والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، طلبہ کو معیاری تعلیم، محفوظ تعلیمی ماحول، مساوی مواقع، اظہارِ خیال کی آزادی اور مثبت تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا حق حاصل ہونا چاہیے، بدقسمتی سے ہمارے ہاں بعض تعلیمی اداروں میں طلبہ کو ذہنی دباؤ، غیر ضروری تعلیمی مقابلے، رٹے کے نظام اور امتحانات میں نمبروں کی دوڑ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کئی مرتبہ بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کے بجائے صرف ان کے امتحانی نتائج کو کامیابی کا معیار سمجھ لیا جاتا ہے۔
جدید دور کے تقاضے اور پاکستانی طلبہ
آج دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اے آئی، روبوٹکس، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور جدید سائنسی تحقیق نے تعلیم اور روزگار کے تقاضوں کو یکسر بدل دیا ہے، ایسے دور میں پاکستانی طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ روایتی تعلیم کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور عملی مہارتوں پر بھی توجہ دیں، ہمارے طلبہ میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، پاکستانی نوجوان دنیا کی معروف جامعات، سائنسی اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں، تاہم ان صلاحیتوں کو قومی ترقی میں تبدیل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں جدید لیبارٹریز، تحقیق کے مواقع، سکالرشپس، معیاری اساتذہ اور مناسب تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔
طلبہ اور قومی تعمیر و ترقی
پاکستان کی ترقی صرف حکومتی پالیسیوں یا بڑے منصوبوں سے ممکن نہیں، اس کیلئے باشعور، تعلیم یافتہ، باکردار اور ذمہ دار شہریوں کی ضرورت ہے، طلبہ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کی ذمہ داری صرف امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کرنا نہیں بلکہ معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا بھی ہے، انہیں قانون کی پاسداری، برداشت، رواداری، صفائی، ماحول کے تحفظ، سماجی خدمت اور قومی یکجہتی جیسے اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
پاکستان کے تعلیمی اداروں میں مباحثوں، سائنسی نمائشوں، کھیلوں، ادبی سرگرمیوں اور سماجی خدمت کے منصوبوں کو فروغ دینا بھی ضروری ہے تاکہ طلبہ میں قیادت، اعتماد اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا ہو۔
والدین، اساتذہ اور حکومت کا کردار
طلبہ کی کامیابی میں والدین، اساتذہ اور حکومت تینوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کے بجائے ان کی دلچسپیوں اور صلاحیتوں کو سمجھیں، ہر بچے کی قابلیت مختلف ہوتی ہے، اس لیے کامیابی کو صرف نمبروں یا ڈگریوں تک محدود نہیں کرنا چاہیے۔
اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو محض نصابی کتابیں پڑھانے کے بجائے ان کی شخصیت سازی، اخلاقی تربیت اور عملی صلاحیتوں کی نشوونما پر بھی توجہ دیں، حکومت کو چاہیے کہ تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھائے، سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنائے، اساتذہ کی تربیت کو یقینی بنائے اور تمام بچوں، خصوصاً لڑکیوں اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرے۔