اردن کے دار الحکومت عمان میں قائم ادارہ رائل اسلامک سٹرٹیجک سٹڈیز سنٹر ہر سال 'دی مسلم 500‘ کے نام سے مسلم دنیا کی پانچ سو بااثر ترین شخصیات کی فہرست شائع کرتا ہے۔ اس ادارے کی تازہ ترین فہرست میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اورپاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دنیا کی 500 با اثر ترین مسلم شخصیات میں پہلا نمبر دیا گیا ہے۔ اس فہرست میں ان کے ساتھ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز‘ ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی شامل ہیں۔
بعض اوقات تاریخ میں ایسے موڑ آتے ہیں جہاں حالات‘ واقعات اور کامیابیاں انسان کو قدرت کی حکمتِ عملی پر غور کرنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دور میں پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں اپنی دفاعی صلاحیت اور قومی عزم کا بھرپور مظاہرہ کر کے دنیا کی توجہ حاصل کی اور اپنی سٹرٹیجک اہمیت منوائی۔ پھر ایران اور امریکہ کے مابین کشیدگی میں پاکستان کے سفارتی کردار نے دنیا کو یہ احساس دلایا کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر موجود محض ایک ملک نہیں بلکہ خطے میں امن اور توازن قائم کرنے کی صلاحیت رکھنے والی ایک ریاست ہے۔ اس دوران اندرونِ ملک سیاسی استحکام میں بہتری آئی جبکہ معیشت اور انسدادِ دہشت گردی کی پالیسی کو درست سمت میں لانے کی کامیاب کوششیں بھی جاری ہیں۔ اسے محض اتفاق نہیں کہا جا سکتا۔ یہ حکمتِ عملی اور بروقت فیصلوں اور مضبوط اعصاب کا نتیجہ ہے۔ بحیثیتِ مسلمان یہ یقین بہت بڑا سہارا ہے کہ جب نیت‘ تدبیر‘ صبر اور استقامت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی نصرت بھی شاملِ حال ہو تو مشکل راستے بھی آسان ہو جاتے ہیں۔ جب تدبیر کے ساتھ یقین‘ فیصلوں کے ساتھ حوصلہ اور قیادت کے ساتھ قومی مفاد جڑ جائے تو تاریخ کا رخ بدلنے کے امکانات پیدا ہو جاتے ہیں۔
دوسری طرف پنجاب میں کرپشن کے الزامات کا معاملہ سنگین ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن کے الزامات پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے پانچ ارب روپے کے ہرجانے کے قانونی نوٹس کا جواب جمع کرا دیا ہے جبکہ انہوں نے مریم نواز اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو ہتکِ عزت کے قانونی نوٹس بھی بھجوائے ہیں۔ چودھری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب کے قانونی نوٹس کا تحریری جواب اپنے وکیل کے ذریعے ارسال کیا‘ البتہ جواب میں اختیار کیا گیا قانونی مؤقف اور پیش کیے گئے دلائل تاحال سامنے نہیں آسکے ہیں۔ چودھری سالک حسین کی جانب سے قانونی نوٹس موصول ہونے کے باوجود اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے کے بعد سے دوسری جانب سے ویسی ہی تقاریر شروع ہو رہی ہیں جیسی عمران خان نے مارچ 2022ء میں‘ اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں کرنا شروع کر دی تھیں اور جیسی نواز شریف نے اپریل 1993ء میں صدر غلام اسحاق خان کے خلاف کی تھیں۔ اگر چودھری سالک حسین اپنا دعویٰ سچ ثابت کرنے کے لیے ناقابلِ تردید ثبوت پیش کرنے میں کامیاب ہو گئے تو بیورو کریسی کے ہاتھوں کے طوطے اڑ جائیں گے اور صوبائی حکومت دفاعی پوزیشن پر کھڑی نظر آئے گی۔ چودھری سالک حسین کا مؤقف یہ ہے کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے‘ اور وہ اپنی بات پر اب بھی قائم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ماورائے عدالت ہونے والے قتل کے واقعات پر بھی انہیں تشویش ہے۔ ان کے حلقے کے ارکانِ اسمبلی انہیں شکایات کر رہے ہیں کہ ان کی وزیراعلیٰ تک رسائی نہیں ہے۔ صوبائی حکومت بیورو کریسی پر انحصار کرتی ہے جبکہ ارکانِ اسمبلی کو بیورو کریسی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ ایسا محسوس ہو تا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نگران حکومت ہی کا تسلسل ہے۔ یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ طاقتور حلقے پنجاب میں ایک مضبوط اعصاب کی حامل شخصیت کو لانا چاہتے ہیں اور صوبے کے چند اہم وزرا کی جانب سے رضاکارانہ استعفے آنے کے بھی امکانات ہیں۔ چودھری سالک حسین والا باب کھلنے کے بعد حکومتِ پنجاب تبدیلی کی طرف بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
پاکستان کو کسی بیرونی دشمن سے کوئی بڑا خطرہ نہیں ہے۔ اس کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے مگر قومی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے والا کرپٹ نظام اس کے لیے سب سے بڑا داخلی خطرہ ہے۔ صوبوں سے وفاق تک آڈٹ‘ اعتراضات‘ مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری وسائل کے ضیاع کے سوالات ایک تلخ حقیقت بیان کرتے ہیں۔ سیاستدان بیوروکریسی کو موردِ الزام ٹھہراتے ہیں‘ افسران سیاسی سرپرستی میں پناہ لیتے ہیں اور قومی دولت کا نقصان بالآخر عوام برداشت کرتے ہیں۔ یہ صورتِ حال اس امر کی متقاضی ہے کہ سرکاری اداروں میں مالی نظم و ضبط کو محض کاغذی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ہر سطح پر عملی جواب دہی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے۔ قومی وسائل کسی حکومت‘ جماعت یا فرد کی ذاتی ملکیت نہیں ہوتے بلکہ یہ عوام کی امانت ہیں۔ ان وسائل کے استعمال میں شفافیت‘ میرٹ اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ جب تک احتساب کا عمل سیاسی وابستگی اور عہدے کی حیثیت سے بالاتر نہیں ہوگا‘ بدعنوانی کے خاتمے کے دعوے محض بیانات تک محدود رہیں گے۔ ہماری حکومتوں کا اصل امتحان یہ ہے کہ طاقتور سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ بیورو کریسی اور ان کے سرپرستوں کا بھی یکساں احتساب ہو۔ جس ملک میں غریب کی روٹی مہنگی اور طاقتوروں کی کرپشن محفوظ ہو‘ وہاں ترقی نہیں صرف استحصال ہوتا ہے۔ پاکستان کو کسی ایک جماعت کی صفائی نہیں بلکہ پورے نظام کی تطہیر چاہیے۔
ایک اور خبر یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے چیف جسٹس پاکستان‘ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام خط لکھا ہے اور اپنی اور بشریٰ بی بی کی طبی حالت پر فوری توجہ اور انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خط میں لکھا کہ میری زندگی اور صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں‘ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026ء کے حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا‘ جس میں سپریم کورٹ نے مجھے دو روز میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عمران خان نے خط میں یہ بھی لکھا کہ جیل انتظامیہ نے میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر عملدرآمد نہیں کیا جبکہ میری دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم ہو چکی ہے۔ آج عمران خان جن مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں میری نظر میں وہ خود اس کے ذمہ دار ہیں۔ عمران خان کو ان کے مخالفین نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا ان کے اپنے فیصلوں نے پہنچایا ہے۔ سیاسی جماعتیں صرف ایک مقبول رہنما کی وجہ سے مضبوط نہیں ہوتیں بلکہ ان کی اصل طاقت مضبوط تنظیم‘ بااختیار مشاورتی اداروں اور قابلِ اعتماد سیاسی ساتھیوں میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ ایک کامیاب سیاسی قیادت وہ ہوتی ہے جو اپنے ساتھیوں کی رائے کو اہمیت دے‘ اختلافِ رائے کو برداشت کرے اور مشکل حالات میں بھی مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے۔ سیاسی فیصلوں میں انفرادی سوچ کے بجائے اجتماعی دانش کو اہمیت دی جائے تو جماعتیں بحرانوں سے نکلنے کی صلاحیت حاصل کرتی ہیں۔ لیکن تحریک انصاف کی قیادت نے خود اپنے ہاتھوں یہ باب بند کیا ہے۔ جب لیڈر کی اَنا اس کی پارٹی کے مستقبل سے بڑی ہو جائے تو وہاں مذاکرات نہیںہو پاتے۔ تحریک انصاف کا سب سے بڑا دشمن باہر نہیں بلکہ اس کی اپنی قیادت کا طرزِ سیاست ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments