"KDC" (space) message & send to 7575

تبدیلی کا امکان

سیاست میں مقتدرہ مخالف بیانیہ اکثر سیاسی ضرورت کے تحت جنم لیتا ہے اور اس سے قربت بھی سیاسی مفادات کے تابع ہوتی ہے۔ سیاستدان جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو مداخلت‘ غیر جمہوری رویوں اور سیاسی انجینئرنگ پر سوال اٹھاتے ہیں لیکن جب اقتدار کا راستہ اسی قربت سے ہموار ہوتا نظر آئے تو تمام اصول اور بیانیے پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ کبھی ایک دوسرے کو گرانے کیلئے مقتدرہ کا سہارا لیا جاتا ہے اور کبھی طاقت کے غیر سیاسی مراکز کے ساتھ کھڑے ہو کر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ سیاستدان واقعی غیر سیاسی مداخلت کے خلاف ہیں یا صرف اس بات کے خلاف ہیں کہ اس مداخلت کا فائدہ ان کے مخالف کو کیوں مل رہا ہے؟ اقتدار کے مزے سیاستدان لیتے ہیں مگر بدنامی اداروں کی ہوتی ہے۔ یہاں کی سیاست کا یہی بڑا تضاد ہے کہ اقتدار کے تمام فوائد سیاستدان سمیٹتے ہیں۔ حکومت کے نمائندہ کے طور پر تمام فیصلے وہ کرتے ہیں‘ وزارتیں وہ بانٹتے ہیں‘ سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیاں بھی وہ کرتے ہیں اور اس طرح اپنے سیاسی مفادات پورے کرتے ہیں لیکن جب ان فیصلوں کے منفی نتائج نکلتے ہیں‘ عوام میں ناراضی پیدا ہوتی ہے‘ سیاسی انتقام کے الزامات لگتے ہیں تو سارا ملبہ مقتدرہ کے کندھوں پر ڈال دیا جاتا ہے۔ کامیابی کا سارا کریڈٹ سیاستدان خود لیتے ہیں اور ناکامی‘ بدنامی اور خواہ مخواہ کی نفرت کا بوجھ دوسروں کے حصے میں آتا ہے۔ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرونِ ممالک جائیدادیں خریدنے کا معاملہ ہو یا کینیڈا‘ مالٹا‘ سنگاپور‘ دبئی‘ انگلینڈ‘ فرانس اور امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ملکوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو‘ ان سب دھندوں میں سیاستدان ہی ملوث ہوتے ہیں مگر جوابدہی سے بچنے کے لیے مقتدرہ کو وہ اپنی ڈھال بنا لیتے ہیں۔ ملک کے تمام بڑے سیاستدانوں کا ماضی کھنگال کر دیکھ لیجیے‘ ذوالفقار علی بھٹو سے نواز شریف‘ عمران خان اور آصف علی زرداری تک‘ سب نے مقتدرہ کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی‘ اس سے بھرپور فائدہ بھی اٹھایا اور بعد ازاں اس کے نتائج بھی بھگتے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027ء کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات اس سے قبل‘ 28 دسمبر کو مکمل ہو جائیں گے۔ تاہم خیبر پختونخوا کے اُن 12 اضلاع کے علاوہ جہاں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے‘ جن اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا گیا تھا‘ اب وفاقی حکومت کے توجہ دلائو نوٹس کے تحت الیکشن کمیشن نے اپنا جاری کردہ الیکشن شیڈول واپس لے لیا ہے اور وجہ یہ بتائی ہے کہ چونکہ صوبے میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ ہے‘ لہٰذا آئین کا آرٹیکل 140(اے) بھی معطل ہو گیا ہے‘ اس لیے الیکشن کمیشن الیکشن شیڈول کو واپس لے رہا ہے۔ عوام کو دھیرے دھیرے ادراک ہو گا کہ ایمرجنسی کے مضمرات کہاں تک پہنچتے ہیں۔ اس وقت صوبے کے عوام کے بنیادی حقوق معطل ہو چکے ہیں۔
آج کل ملک کی سیاست نیا رخ اختیار کرتی نظر آ رہی ہے۔ ایک طرف پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کے ریمارکس پر کافی شور مچا ہوا ہے اور دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری ان دنوں سنجیدگی سے اپوزیشن روٹ استعمال کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ اگرچہ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے انہیں کہا ہے کہ اس وقت حالات سازگار نہیں‘ حالات کا گہرائی سے جائزہ لیں اور موزوں وقت کا انتظار کریں۔ دیکھا جائے تو صدر زرداری کا مشورہ درست نظر آتا ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے چودھری سالک حسین اور حکومت پنجاب کے مابین سنگین صورتحال نظر آ رہی ہے۔ پنجاب کی وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیر کو پانچ ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔ مگر ذرائع کے مطابق اس اقدام سے ان کی وزارتِ اعلیٰ خطرے کی زد میں آ گئی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسی تناظر میں خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کہ پس پردہ پنجاب میں ایک ایسی شخصیت کو سامنے لانے کیلئے زمین ہموار کی جا رہی ہے کئی سرمایہ دار جس کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ ادھر چودھری سالک حسین بھی اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے نظر آتے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت میں بدعنوانی کے الزامات پر قائم ہوں‘ عدالت میں نوٹس کا مکمل اور بھرپور جواب دوں گا۔ چودھری سالک حسین اگر ایسا کر پاتے ہیں تو ان کے جواب کی روشنی میں ممکنہ طور پروزیراعلیٰ کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے اور مبینہ کیسز پر جوابدہی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اس وقت بعض سیاسی شخصیات متحرک ہو رہی ہیں۔شنید ہے کہ صوبائی اسمبلی میں ایک فارورڈ گروپ سامنے آ سکتا ہے اور تحریک عدم اعتماد پیش کرسکتا ہے۔ اگر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو آئین کے آرٹیکل 91کے تحت‘ کسی ایسی شخصیت کو جو اسمبلی کی ممبر نہ ہو‘ چھ ماہ کے لیے وزیراعلیٰ مقرر کیا جا سکتا ہے‘ جبکہ چھ ماہ کے دوران کسی خالی نشست سے اس کا انتخاب بھی کرایا جا سکتا ہے۔ دوسرا پہلو یہ نظر آ رہا ہے کہ وزیراعلیٰ اس وقت اونچی اڑان میں ہیں‘ ان کو حقیقت کی یاد دہانی کیلئے چودھری سالک حسین سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح بلاول بھٹو زرداری کو بھی دبائو میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
بعض شخصیات کا وتیرہ رہا ہے کہ وہ اعلیٰ قیادت کے ذہن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے اور اکثر اس میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ ملکی تاریخ میں اس کی کئی مثالیں مل سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر بعض میڈیا پرسنز نے 2017ء میں نواز شریف کی نااہلیت کے بعد انہیں لاہور جانے کیلئے جی ٹی روڈ کا رُوٹ لینے کا مشورہ دیا تھا۔حالانکہ اُس وقت کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں نے موٹروے یا ہوائی جہاز سے سفر کا مشورہ دیا تھا۔ اسی طرح چند صحافی جنرل ضیا الحق کے قریبی سمجھے جاتے تھے اور آئے دن وزیراعظم جونیجو کے خلاف صدر کے کان بھرتے تھے اور بالآخر اپنے منفی مقاصد کے حصول میں وہ اُس وقت کامیاب ہو گئے جب صدر ضیاء الحق نے 29 مئی 1988ء کو وزیر اعظم جونیجو کو برطرف کر دیا۔ بعد ازاں جو اُن کے ساتھ ہوا‘ وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے۔مگر تاریخ میں ایسے لوگ بھی ملتے ہیں جنہوں نے حکمرانوں کو اچھے مشورے دیے۔ اس سلسلے میں زیڈ اے سلہری کا نام لیا جاسکتا ہے جو پاکستان ٹائمز کے چیف ایڈیٹر تھے اور صدر ایوب خان کے بہت قریبی سمجھے جاتے تھے۔ انہوں نے صدر ایوب خان کو آئی بی کے سربراہ این اے رضوی اور سیکرٹری داخلہ اے بی اعوان کے سحر سے نکل کر‘ ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے گول میز کانفرنس کے انعقاد کا مشورہ دیا تھا۔ اگرچہ یہ کانفرنس 13 مارچ 1969ء کو بغیر کسی حتمی نتیجے کے ختم ہو گئی۔ عوامی لیگ کے رہنما شیخ مجیب الرحمان نے اپنے چھ نکات پر سمجھوتا کرنے سے انکار کر دیا تھا جبکہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔ اگلے ہی دن‘ 14مارچ کو صدر ایوب خان کے خلاف زبردست عوامی تحریک کا آغاز ہو گیا جو ان کی اقتدار سے رخصتی کا باعث بنی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...