جڑانوالہ:بااثر افراد کا نہر گوگیرہ برانچ کی سرکاری اراضی پر قبضہ
قیمتی اراضی پر مبینہ طور پر بااثر افراد نے مویشی باندھ رکھے ،حکام سے نو ٹس کا مطالبہ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)جڑانوالہ میں بااثر افراد نے مبینہ طور پر نہر گوگیرہ برانچ کی قیمتی سرکاری اراضی پر مویشی باندھ کر قبضہ جما لیا، جس کے باعث نہر کے کنارے خستہ حالی اور ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہونے لگے ۔ شہریوں نے اربابِ اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ جڑانوالہ میں محکمہ انہار کی حدود میں واقع نہر گوگیرہ برانچ کی قیمتی اراضی پر مبینہ طور پر بااثر افراد نے مویشی باندھ رکھے ہیں۔ مویشیوں کی موجودگی کے باعث نہر کے کناروں پر گندگی اور تعفن پھیل رہا ہے ، جس سے ماحول آلودہ ہونے لگا ہے ، جبکہ سرکاری اراضی کے مبینہ ناجائز استعمال پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔دوسری جانب نہر کے کناروں پر مویشیوں کی موجودگی نہ صرف علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو متاثر کر رہی ہے بلکہ کناروں کی خستہ حالی کا سبب بھی بن رہی ہے ۔ شہریوں کے مطابق بعض بااثر افراد اپنی حویلیوں سے مویشی نکال کر سارا دن نہر کی سرکاری اراضی پر باندھے رکھتے ہیں، جس سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ نہر کے کناروں پر صفائی کے ناقص انتظامات اور مویشیوں کی موجودگی کے باعث گندگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ ان کے مطابق نہر کے کناروں پر مزید درخت لگا کر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ علاقے کی خوبصورتی بھی بحال کی جا سکتی ہے ۔شہریوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ نہر گوگیرہ برانچ کے کناروں پر واقع سرکاری اراضی کا فوری معائنہ کیا جائے ، مبینہ تجاوزات ختم کروا کر سرکاری زمین واگزار کرائی جائے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔ انہوں نے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments