تعلیمی معیار کی بہتری،اساتذہ کے حقوق کا تحفظ ترجیح :حافظ محمد ذاکر
اساتذہ کی ترقیوں میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے
بلوچنی (نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری مردانہ فیصل آباد حافظ محمد ذاکر نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار بلند کرنے ، اساتذہ کی ترقیوں میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے ، غیر قانونی وصولیوں اور بلاوجہ دفتری چکروں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ناقص کارکردگی اور طلبہ کی کم تعداد والے سکولوں کی آؤٹ سورسنگ حکومتی پالیسی کے مطابق ممکن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ روزنامہ دنیا حاجی محمد مدثر حمید فانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع بھر کے پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں میں تعلیمی معیار بلند کرنے ، اساتذہ کی کارکردگی بہتر بنانے اور ان کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری سکولوں میں نظم و ضبط، شفافیت اور تدریسی معیار کی بہتری ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔حافظ محمد ذاکر نے بتایا کہ دورانِ تعیناتی متعدد اساتذہ کو پی ایس ٹی سے ای ایس ٹی اور ای ایس ٹی سے ایس ایس ٹی کے عہدوں پر ترقی دینے کے عمل کو آگے بڑھایا گیا، تاکہ اہل اساتذہ کو ان کا جائز حق مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ معاملات میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت دی جا رہی ہے اور اساتذہ کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments